پاکستان کی کامیابی پر جشن منانے والے کشمیری طلبہ کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمات

نئی دہلی _ جموں کشمیر پولیس نے ریاست کے دو میڈیکل کالجس کے چند طلبہ اور اسٹاف کے خلاف یو اے پی اے تحت دو مقدمات درج کئے ہیں جنھوں نے دو دن قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر جشن منایا تھا پولیس ذرائع نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر اور شیر کشمیر کالج آف میڈیکل سائنس میں چند طلبہ اور اسٹاف نے اتوار کے روز بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوئے میچ میں پاکستان کی کامیابی پر نہ صرف جشن منایا بلکہ بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔

 

سری نگر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) اور شیر ای کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (SKIMS) کی متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں کچھ طلباء کو بھارت کے خلاف اور پاکستان کی تائید  میں نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ ہنگامہ اس وقت بھی ہوا جب وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے تین روزہ دورہ جموں و کشمیر پر تھے، جو سابقہ ریاست سے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد ان کا  پہلا دورہ تھا۔جس پر پولیس کے اعلی عہدیداروں نے فوری اثر کے ساتھ کارروائی کی۔اور متعلقہ علاقوں کے پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔

یہ ایف آئی آر سری نگر شہر کے سورا اور کرن نگر پولیس اسٹیشنوں میں غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ ( یو اے پی اے ) کی دفعہ 13 اور تعزیرات ہند کی 505 کے تحت درج کی گئی ہیں۔ اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں