جنرل نیوز

منبر و محراب فاؤنڈیشن کے تحت عظیم الشان مسابقۂ حفظ قرآنِ مجید

حیدرآباد: مولانا احمد اسعدی کی اطلاع کے بموجب منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا جو ملک کے ہزاروں ائمہ و خطباء کا نمائندہ ادارہ ہے جس کی سرپرستی مولانا جمال الرحمن مفتاحی صاحب فرماتے ہیں جس کی بنیاد مولانا غیاث احمد رشادی نے رکھی اور وہ اس کے صدر بھی ہیں۔ منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا گزشتہ پانچ سال سے ملک کے ائمہ و خطباء کیلئے ہر چہارشنبہ ملک کے حالات اور تقاضوں کے پیش نظر جمعہ کے خطبات روانہ کرتا ہے تاکہ ائمہ و خطباء عوام کی بروقت رہنمائی کرسکیں۔ منبر و محراب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف محلہ جات میں مراکزِ نسوان قائم ہیں جو نوجوان لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے قائم ہیں جن مراکز میں روزانہ دو گھنٹے کی ترتیب پر 1600 خواتین تعلیم حاصل کررہی ہیں اور 70 سے زائد معلمات برسرخدمت ہیں۔ منبر و محراب فاؤنڈیشن کے تحت اسکولی طلباء و طالبات کی تربیت کیلئے دس علماء کرام کو با تنخواہ مقرر کیاگیا ہے ، روزانہ دس اسکولوں کے ہزاروں طلباء و طالبات کی تربیت ہورہی ہے اور بیسٹ کیرکٹر پروگرام کے تحت اخلاقی سدھار کا بیڑہ اٹھایا گیا ہے۔

منبر و محراب فاؤنڈیشن کے تحت حیدرآباد و سکندرآباد کے دینی مدارس کے شعبۂ حفظ کے طلباء میں حفظ اور تجوید میں مسابقہ پیدا کرنے اور حفظ کی پختگی کی غرض سے ۲۵؍ستمبر ۲۰۲۲ء بروز اتوار بمقام روز گارڈن ایک عظیم الشان مسابقۂ حفظ قرآنِ مجید منعقد کیاجارہا ہے۔ ماہِ جولائی کے او اخر او رماہِ اگست کے اوائل میں حیدرآباد و سکندرآباد کے تمام چھوٹے بڑے ایسے دینی مدارس جہاں شعبۂ حفظ کا نظام قائم ہے دعوت نامے ، شرائط اور فارمس کی تقسیم عمل میں آچکی ہے اور پچاس سے زائد مدارس کے طلباء اس مسابقہ کی تیاریاں کررہے ہیں۔ واضح ہوکہ اس مسابقہ میں دو گروپس رکھے گئے ہیں۔ پہلا گروپ مکمل حفظ قرآنِ مجید کا ہے اور دوسرا گروپ پارہ ایک تا پارہ بیس کا ہے۔ منبر و محراب فاؤنڈیشن کی جانب سے اول ، دوم اور سوم آنے والے طلباء میں قیمتی انعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے گروپ کا انعام اول 25000 روپئے، دوم 20000 روپئے اور سوم 15000 روپئے ہے۔ اس کے علاوہ دس ترغیبی انعامات بھی دئیے جائیں گے۔ دوسرے گروپ کا انعام اول 20000 روپئے ، دوم 15000 روپئے اور سوم 10000 روپئے ہے اور اس گروپ میں بھی دس ترغیبی انعامات دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جتنے طلباء اس مسابقہ میں شریک ہوں گے ان کی آمد و رفت کیلئے فی کس 200 روپئے اور سندِ شرکت بھی دی جائے گی۔ نیز تین سو روپئے مالیتی دینی کتابیں بھی انہیں دی جائیں گی۔ جو طلباء اول، دوم ، سوم اور ترغیبی انعامات پائیں گے ان کے اساتذہ کی خدمت میں سند اعزازی اور ان سے متعلقہ مدرسہ کو سند توصیفی بھی دی جائے گی، ان شاء اللہ۔ اس مسابقہ میں مدارس کے طلبہ کے علاوہ آزادانہ طورپر بھی حفاظ شریک ہوسکتے ہیں۔

دونوں گروپس میں اسکی گنجائش رکھی گئی ہے۔ پہلے گروپ میں ۲۰ سال سے زائد عمر نہ ہو اور دوسرے گروپ میں ۱۸ سال سے زائد عمر نہ ہو۔ اس مسابقہ کا مقصد حفظ اور تجوید میں پختگی پیدا کرنا اور اچھے لحن سے قرآنِ مجید پڑھنے کی عادت ڈالنا ہے۔ اس مقابلہ میں شہر کے ممتاز حفاظ و علماء کو بحیثیت حکم مدعو کیا جائے گا او رحکم حضرات کا فیصلہ قطعی ہوگا۔ اس مقابلہ کے کنوینر حافظ محمد اسلم صاحب ہوں گے جبکہ نگران حافظ فضل الرحمان صاحب ہوں گے اور یہ مسابقہ مولانا غیاث احمد رشادی صاحب کی سرپرستی میں منعقد ہوگا اور استقبالیہ کمیٹی کے صدر حافظ عبدالغفار اشرفی ہوں گے۔ دینی مدارس کے ذمہ دار و انچارج حضرات سے درخواست ہے کہ جو فارمس ان کی خدمات میں دئیے گئے ہیں ان کی خانہ پری کرتے ہوئے ۱۰؍ستمبر سے قبل دفتر منبر و محراب فاؤنڈیشن متصل مسجد الفلاح واحد نگر، قدیم ملک پیٹ پہنچادیں یا سیل نمبر 9989666811 پر ربط کریں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button