کم عمری میں تراویح سنانے والے حافط کی عادل آباد میں تہنیت

عادل آباد _ رمضان المبارک کے موقع پر کم عمری میں ہی تراویح میں روزانہ دوپارے سناتے ہوئے 15 دن میں مکمل قرآن کریم سنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے عادل آباد کے حافظ محمد انس احمد کو تنظیم الائمہ والموذنین کی جانب سے حافظ منظور احمد نے تہنیت پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔اس سلسلہ میں مسجد حسن کے احاطہ میں ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس موقع پر صدر تنظیم الائمہ والموذنین عادل آباد حافظ منظور احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حافظ انس احمد ولد حافظ حسین نے عادل آباد کی قدیم دینی درسگاہ دارلعلوم محمدیہ بھکتاپور میں کم عمری میں 2 سال 3 ماہ کے قلیل عرصہ میں حفظ قرآن کی تکمیل کرتے ہوئے اساتذہ ، والدین اور مدرسہ کا نام روشن کیا ہے۔اور حفظ قرآن مکمل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں مسجد ایک مینار میں پندرہ دنوں میں مکمل قرآن سنانے کی سعادت حاصل کی ہے۔جسکی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔اسی ضمن میں آج تہنیت پیش کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ حافظ قرآن کے والدین کو اللہ تعالیٰ میدان محشر میں سونے کے تاج پہنچائیں گے۔اور حافظ قرآن کے افراد خاندان میں سے ایسے دس گناہ گار جو جہنم کے مستحق ہوچکے ہیں۔حافظ قرآن کی برکت سے اللہ تعالیٰ انہیں جہنم سے نکالا جائے گا۔اس موقع پر حافظ شافی،صدر مسجد حسن عرفان قریشی،مسعود قریشی،حافظ ضمیر،تنویر احمد کے علاوہ نوجوانان شانتی نگر اور دیگر موجود تھے۔