عادل آباد رمس ہاسپٹل میں وزیر اندراکرن ریڈی کےہاتھوں ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح

عادل آباد  ریاستی وزیر اندراکرن ریڈی کے ہاتھوں عادل آباد کے رمس اسپتال میں قائم کردہ ڈائیگناسٹک سنٹر کا آج شاندار پیمانے پر افتتاح عمل میں آیا۔رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا کی صدارت میں تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔

افتتاحی تقریب میں ضلع پریشد چیرمین جناردھن راتھوڑ،ضلع کلکٹر شریمتی سکتا پٹنائک،ڈی سی سی بی کے چیئرمین نامدیو کاملے،مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ایم پرہلاد،ڈائری چیئرمین لوکا بھوما ریڈی،میونسپل چیرمین جوگوپریمندر،میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی،ٹی آر ایس قائدین محمد یونس اکبانی،اے بوجھا ریڈی،ضلع ہیلت آفیسر نریندر راتھوڑ،رمس ڈائریکٹر بلرام نائیک،ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ہیچ او ڈاکٹر سادھنا،میونسپل کمشنر شریمتی شیلجہ کے علاوہ ڈائیگناسٹک سنٹر اسٹاف اور ٹی آر ایس کونسلرس و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے ریاستی وزیر اندراکرن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی دور اندیشی اور عوام کو سہولت پہنچانے کی غرض سے 19 اضلاع میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔جہاں پر 57 مختلف امراض کے معائنہ کیے جائیں گے۔اسی ضمن میں آج عادل آباد کے رمس اسپتال میں مفت ڈائیگناسٹک سنٹر کا قیام عمل میں لاتے ہوئے افتتاح کیا گیا۔ڈائیگناسٹک سنٹر کی عمارت اور عصری آلات کے لئے دو کروڑ چالیس لاکھ روپئے منظور کرتے ہوئے تمام تر انتظامات کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے آئندہ دو سالوں میں دس ہزار کروڑ کی مالیت سے 33 اضلاع کے پی ہیچ سی سنٹر سے لیکر ضلع کے بڑے اسپتال میں غریب عوام کی سہولت کی خاطر تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداران کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔شعبہ طب کو مزید مستحکم بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ کوشاں ہیں۔رکن اسمبلی جوگورامنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے غریبوں کو عصری طبیعت سہولتوں پر مبنی ڈائیگناسٹک سنٹرس کے ذریعہ بڑے پیمانے پر مفت سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات روبعمل لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مفت ڈائیگناسٹک سنٹر سے استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ خانگی اسپتالوں میں معائنوں کے لئے ہزاروں روپے درکار ہوتے ہیں جس سے غریب آدمی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیر اعلیٰ کے اس اقدام سے غریبوں کو کافی سہولت ملے گی۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین جناردھن راتھوڑ اور ضلع کلکٹر شریمتی سکتا پٹنائک نے بھی مخاطب کیا۔ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر نریندر راتھوڑ نے اجلاس کے ابتداء میں بتایا کہ اس سنٹر میں نوڈل آفیسر سادھنا میڈم کے علاوہ اسپیشل آفیسر اور نو لیاب ٹیکنیشن پر مبنی عملہ خدمات انجام دیگا۔اور ضلع بھر سے تشخیص کے لئے معائنہ حاصل کرنے کے لیے چار ویان گاڑیوں کا بھی افتتاح عمل میں لایا گیا ہے۔عوام اپنے قریبی پی ہیچ سی سنٹر سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔اخیر میں ریاستی وزیر نے عادل آباد میں کورونا کے کیسس میں کمی واقع ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو مزید احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔