نیشنل

گجرات میں شدید بارش سے 9 افراد ہلاک، کئی اضلاع میں تباہی

احمد آباد _ یکم جولائی ( اردولیکس) گجرات میں بارش کی تباہی سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ایک عہدیدار نے  بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گجرات کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے شہروں اور دیہاتوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔

 

عہدیدار نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں کچھ، جام نگر، جوناگڑھ اور نوساری میں تعینات کی گئی ہیں، جو کہ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سے تھے۔

 

اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 9  افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔

 

گجرات کے  جوناگڑھ، جام نگر، کَچھ، ولساڑ، تاپی، نوساری سمیت، مختلف ضلعوں میں پچھلے 24 گھنٹے کے دوران شدید بارش ہوئی۔

 

اسی دوران  محکمۂ موسمیات نے دو جولائی تک ریاست کے بہت سے علاقوں میں شدید سے، زیادہ شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایاہے کہ وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے کَل رات گاندھی نگر میں ریاست کے ہنگامی کارروائی کے مرکز کا دورہ کیا اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا۔

 

جوناگڑھ، جام نگر، موربی، کَچھ، سورت، احمد آباد اور تاپی ضلعوں کی بہت سی جگہوں پر، پانی بھرجانے اور مقامی سیلاب کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہوئی۔ ریاست کی کئی جگہوں پر بجلی سپلائی اور سڑک رابطوں میں بھی رکاوٹ آئی۔ جوناگڑھ میں وِساوَدَر، سب سے زیادہ متاثرہ قصبہ رہا، جہاں دن میں سب سے زیادہ تیرہ انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے NDRFکی چار ٹیموں کو، بچاؤ اور راحت کارروائی کیلئے، بارش سے متاثرہ ضلعوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button