جنرل نیوز

عرس شریف حضرت سید شاہ ابو الفتح بندگی بادشاہ قادری ؒبالکنڈہ،کا اختتام

 محافل عرس،میڈیل و ڈینٹل کیمپ، حضرت علی الدین میموریل اسکول کے طلبہ میں تقسیم انعامات 

عرس شریف حضرت سید شاہ ابو الفتح بندگی بادشاہ قادری ؒبالکنڈہ،کا اختتام

 محافل عرس،میڈیل و ڈینٹل کیمپ، حضرت علی الدین میموریل اسکول کے طلبہ میں تقسیم انعامات 

حیدرآباد 12 مئی (پریس نوٹ) حضرت سید شاہ ابوالفتح بندگی بادشاہ قادری و بندہ نوازی قدس سرہ العزیزکا عرس شریف بالکنڈہ، نظام آباد میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ جس میں بلا لحاظ مذہب و ملت سینکڑوں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔ مولانا ابو الفتح سید بندگی بادشاہ قادری المعروف ریاض پاشاہ سجادہ نشین و متولی درگاہ شریف(رکن ریاست تلنگانہ وقف بورڈ)نے مراسم عرس انجام دئے اور محافل عرس کی نگرانی کی۔

جلوس صندل حضرت علی الدین قادری میموریل اسکول بالکنڈہ مستقر سے برآمد ہوا،جلوس میں بالکنڈہ کے مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم افرادبھی بصد احترام شریک تھے۔ بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ صلوٰۃ وسلام پیش کیا گیا، بعد ازاں قصیدۂ بردہ شریف،ختم قرآن حکیم،نعت خوانی کی محافل منعقد ہوئیں۔ مشائخ عظام و علماء کرام کے ہاتھوں حضرت سید علی الدین قادری میموریل اسکول بالکنڈہ کے طلبہ میں مختلف تعلیمی مقابلوں کے لئے انعامات و تحائف کی تقسیم عمل میں آئی۔حسب سابق میڈیکل و ڈینٹل کیمپ منعقد ہوا۔

سینکڑوں کی تعداد میں زائرین و اہلیان بالکنڈہ نے استفادہ کیا۔سجادہ نشین و متولی کی دختران ڈاکٹر سیدہ فاطمہ خضراء، ڈاکٹر سیدہ فاطمہ اقراء کے علاوہ ڈاکٹر محمد بن محفوظ اور ڈاکٹر شاہد علی ڈپٹی ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف ایوش منسٹری آف ہلت اینڈ فیملی ویلفیر نے تشخیص کی اور دوائیں مفت تقسیم کی گئیں۔

مشائخ عظام و علماء کرام میں قابل ذکر مولانا سید خواجہ غیاث الدین چشتی اجمیری،مولانا سید آل مصطفےٰ قادری الموسوی الجیلانی جانشین حضرت خطیب دکنؒ، مولانا سید لطیف محی الدین قادری الموسوی الجیلانی، جناب ریاض الدین قرقی کے علاوہ معززین میں نرسمہا سرپنچ، جناب عبدالوہاب نائب سرپنچ، جناب شرف الحسن (پنچایت راج )منڈل پریشد، پولیس، وقف بورڈ کے مقامی عہدیداران،حیدرآبادکے معروف ناظم اجلاس مولانا سید شاذ عرفی،ثناء خواں قاری فرحت اللہ شریف، جناب محمد بن احمد باوزیر، خلش حیدرآبادی،اسحاق شرفی، منیب قادری ہیں۔ مولانا سید درویش محی الدین قادری صادق پاشاہ برادر سجادہ نشین، مولانا سید محمد صدیق قادری جانشین سجادہ نشین نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button