تلنگانہ

راجہ سنگھ کو گرفتار کرنے ندیم احمد نائب صدر ہیلپ ویلفیر اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی نظام آباد کا پولیس سے مطالبہ

نظام آباد:7/ جون(ای میل)ندیم احمد نائب صدر ہیلپ ویلفیر اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی نظام آباد نے آج IVٹاؤن ایس ایچ او سے ملاقات کرتے ہوئے حضرت سید خواجہ معین الدین چشتی ؒ خواجہ اجمیری کیخلاف بی جے پی کے رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کی زہر افشانی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے شکایت حوالے کی اور فوری راجہ سنگھ کیخلاف کیس درج کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ندیم احمد نے کہا کہ خواجہ اجمیری کی درگاہ ہندوستان میں گنگا جمنی تہذیب کی بہت بڑی مثال ہے جہاں پر ہندو مسلم، سکھ عیسائی الغرض تمام طبقات کے لوگ مذہب و ملت حاضری دیتے ہوئے چادر گل پیش کرتے ہیں بصد عقیدت و احترام تمام طبقات میں خواجہ اجمیری کی درگاہ مقبول مانی جاتی ہے لیکن بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے خواجہ اجمیری ؒ کے خلاف زہر افشانی کرتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ندیم احمد نے پولیس عہدیداروں سے پرُ زور مطالبہ کیا کہ راجہ سنگھ کیخلاف سخت قانونی دفعات کے تحت کیس درج کرتے ہوئے کارروائی کی جائے تاکہ ملک اور ریاست میں گنگا جمنی تہذیب کو متاثر کرنے والے عناصر دوبارہ اس طرح کی زہرافشانی کا اعادہ نہ کرسکے۔

سابق میں بھی راجہ سنگھ کے متنازعہ بیانات کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اگر ابھی بھی کارروائی نہیں کی گئی تو ملک و بیرون ملک میں احتجاج ہوسکتا ہے اور گنگا جمنی تہذیب متاثر ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد منو، ایم اے علیم، محمد اویس، محمد عفان و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button