میڈیسن کورسس میں او بی سی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے تحفظات _ مرکزی حکومت کا سنسنی خیز فیصلہ

نئی دہلی _ مرکزی حکومت نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسس کے تحفظات سے متعلق سنسنی خیز فیصلہ لیا ہے۔ ایم بی بی ایس ، ایم ڈی ، ایم ایس ، ڈپلومہ ، بی ڈی ایس اور ایم ڈی ایس کورسس میں 2021-22 تعلیمی سال کے دوران او بی سی طبقات کے لئے 27 فیصد اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے 10 فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے قریب 5،550 طلبا مستفید ہوں گے۔ اس سلسلے میں ، وزیر اعظم نریندر مودی نے 26 جولائی کو ایک میٹنگ منعقد کی تھی ، جس میں متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کا جامع حل تلاش کریں۔ مودی نے یہ بات جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہی۔

مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے ہر سال ایم بی بی ایس میں تقریبا 1500 او بی سی اور 550 ای ڈبلیو ایس طلبا کو فائدہ ہوگا۔ پوسٹ گریجویشن میں قریب 2،500 او بی سی اور ایک ہزار ای ڈبلیو ایس طلبا مستفید ہوں گے۔

ایک ٹویٹ میں مودی نے کہا کہ موجودہ تعلیمی سال سے ، ہماری حکومت نے آل انڈیا کوٹہ میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل / ڈینٹل کورسز کے لئے او بی سی کے لئے 27 فیصد اور معاشی طور پر کمزور افراد کے لئے 10 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کا  فیصلہ لیا ہے۔