سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابوں کے ڈی اے میں اضافہ

وجے واڑہ _ آندھرا پردیش حکومت نے ریاست کے سرکاری ملازمین  اور وظیفہ یابوں کے لیے ڈی اے  (DA) میں 3.144 فیصد اضافے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ تازہ ترین اضافے کے ساتھ ملازمین کی تنخواہ پر DA 30.392 فیصد سے بڑھ کر 33.536 فیصد ہو گیا ہے۔ حکومت نے بتایا کہ اضافی ڈی اے کے احکامات 1 جنوری 2019 سے لاگو ہوں گے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ڈی اے میں اضافہ سرکاری ملازمین ، ضلع اور منڈل پریشدوں ، گرام پنچایتوں کے  اساتذہ  اور یونیورسٹیوں کے عملے پر لاگو ہوگا۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ ڈی اے  میں اضافہ کی رقم جولائی 2021 کی تنخواہ کے ساتھ ادا کرے گی۔ یکم جنوری 2019 سے ، ڈی اے کے بقایا جات جولائی 2021 سے مساوی قسطوں میں ادا کیے جائیں گے۔