وقف بورڈس، حج کمیٹیاں کورونا کے ٹیکہ سے متعلق چلائیں گی شعور بیداری مہم

نئی دہلی _ ( اردولیکس) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے حج ہاؤس ، ممبئی میں حج 2021 کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر نے  جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس اجلاس میں حصہ لیا۔ وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی ہند کے اعلی عہدیداروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہندوستان نے حج 2021 کی اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں لیکن کورونا وبا کے پیش نظر ،  عوام کی صحت  اور حج کے سلسلے میں حکومت سعودی عرب جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر ہم قائم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں جاری دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم کے بارے میں پائے جانے والے خدشات اور افواہوں کے خاتمے کے لئے ، “جان ہے تو جہاں ہے” کے نام سے مختلف سماجی ، تعلیمی تنظیموں کے ذریعہ قومی سطح پر ایک بڑے پیمانے پر شعور بیدار مہم چلائی جائے گی۔ریاستی حج کمیٹیاں ، وقف بورڈ ، مرکزی وقف کونسل ، مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن ، دیگر  سماجی و تعلیمی تنظیمیں دور دراز کے علاقوں ، دیہات وغیرہ میں شعور بیداری مہم چلائیں گی۔اس موقع پر مرکزی وزیر نے حج ہاؤس ، ممبئی میں تزئین کے کاموں کا افتتاح کیا جس میں  4 لفٹس ، گیسٹ روم ، اکاؤنٹ سیکشن اور دیگر شامل ہیں