جنرل نیوز

بارہ بنکی:بزمِ عزیز کی جانب سے عید ملن تقریب وشعری نشست منعقد

افتدا حسین بھٹی و عالمی شہرت یافتہ شاعرہ ڈاکٹر نسیم نکہت کے سانحہ ارتحال پر اظہار تعزیت

بارہ بنکی،(ابوشحمہ انصاری)بزم عزیز کی عیدملن تقریب و شعری نشست بزم کے صدر نصیر انصاری کی قیام گاہ نبی گنج میں ضمیر فیض رام نگری کی صدارت اور صغیر نوری کی نظامت میں ہوٸی۔ مہمانِان خصوصی کے طور پر محسن قدوائی طارق جیلانی اور جمال اختر عثمانی نے شرکت کی۔

نشست میں شعراء کے پسند کئے گئے اشعار پیش قارئین ہیں۔

طلسم ٹوٹ گیا کاغذی بیانوں کا

ہوا میں تیر چلاتا نہیں ہے روٹھا ہے

ضمیر فیضی

یہ مجھ سے پوچھ کیسے گذاری ہے زندگی

چھوٹے سے ایک دل پہ تھا سارے جہاں کا بوجھ

نصیر انصاری

جس کا عنوان بولنا رکھا

ہو گئ وہ بھی داستاں خاموش

محسن قدواٸی

اپنوں کا اعتبار نہیں جاگتے رہو

غیروں پہ اختیار نہیں جاگتے رہو

امیر حمزہ اعظمی

وہی سناٹا وہی دکھ وہی ویران گلی

یار گھر کا مرے آسان پتہ آج بھی ہے

شعیب انور

وہ جن کو پڑھ کے زمانے میں انقلاب آئے

یہ کام آج کے اخبار کیو‌ں نہیں کرتے .

صغیر نوری

آپ طوفاں میں جو میرے ہمسفر ہو جائیں گے

میری کشتی کے محافظ خود بھنور ہو جائیں گے

ھذیل لعل پوری

بد دعا کی نہ کبھی میں نے کسی کے حق میں

ہر گھڑی حرف دعا میرے دہن سے نکلا

اثر سیدن پوری

جو راہ محبت سے بخیر گذر جائے

دنیا بھی سنور جائے عقبیٰ بھی سنور جائے

حیدر مسولوی

آ مسیحا دیکھ لے اپنے مریض عشق کو

تیری فرقت نے کیا کیسا لب دم عید میں

بشر مسولوی

مدتوں بعد جلے دل میں محبت کے چراغ

مدتوں بعد کسی پیڑ میں پھل آئے ہیں

طفیل زیدپوری

دیار یوں تو جہاں میں ہیں اور بھی اے دوست

مگر وہ بات کہاں جو ترے دیار میں ہے

اظہر ذکریاوی

نماز عید میں تو بھیڑ ہوتی ہے ہزاروں کی

مگر شکلیں پسند آتی ہین اس کو روزہ داروں کی

نفیس بارہ بنکوی

مرا خیال کسی کی طرف گیا بھی نہیں

مری نگاہ مین کوٸی ترے سوا بھی نہیں

شمیم بارہ بنکوی

جھوٹ پر ان کے یقیں کوٸی کرے گا کب تک

جو تھے ناداں وہ سمجھدار ہوئے جاتے ہیں

حاتم مسولوی

اس کے علاوہ رفیع زیدپوری،آدرش بارہ بنکوی، طا لب اعلی پوری، عارف شہاب پوری، صبا جہانگیر آبادی، رام لکھن مشرا نے بھی کلام پیش کیا۔آخر میں افتدا حسین بھٹی اور عالمی شہرت یافتہ شاعرہ ڈاکٹر نسیم نکہت کے سانحہ ارتحال پر اظہار تعزیت اور ایصال ثواب کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button