پاکستان کی کامیابی پر واٹس ایپ اسٹاٹس رکھنے والی نفیسہ ٹیچر اسکول سے برطرف

حیدرآباد _ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر ایک خاتون ٹیچر کو واٹس ایپ اسٹاٹس رکھنا مہنگا پڑا۔جس پر اسکول انتظامیہ نے خاتون ٹیچر کو خدمات سے برطرف کردیا۔یہ واقعہ راجستھان کے اودے پور کا ہے جہاں نیرجا مودی  اسکول میں بطور ٹیچر کام کرنے والی نفیسہ عطاری نے اتوار کے روز بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوئے میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد اپنے واٹس ایپ اسٹاٹس پر پاکستانی کھلاڑیوں کی تصویر کے ساتھ ” جیت گئے _ وی ون ” کا کیپشن لگایا۔

بتایا گیا ہے کہ اسکول کے ساتھی ٹیچرس، طلبہ اور سرپرستوں نے نفیسہ ٹیچر کے واٹس ایپ اسٹاٹس کو دیکھ کر اسکول انتظامیہ سے شکایت کی۔جس پر اسکول انتظامیہ نے نفیسہ ٹیچر کو طلب کرتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا وہ پاکستان کی تائید کرتی ہیں تو اس نے مثبت انداز میں جواب دیا۔جس پر انتظامیہ نے فوری اثر کے ساتھ نفیسہ کو برطرف کردیا۔