جنرل نیوز

ڈان اسکول میں مفت ہیلمٹس کی تقسیم۔ ٹریکس انڈیا کی عہدہ دار آرادھنا جین کا خطاب

حیدرآباد۔ 18 فروری (پریس نوٹ) ملک میں سڑک حادثات میں بیشتر اموات اسکول کھلنے اور چھوٹنے کے اوقات میں صبح 9 اور سہ پہر 3 بجے کے آس پاس واقع ہوتی ہیں۔ طلبہ میں ابتداء سے ہی ہیلمٹ پہننے کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا چاہئے اور ٹریفک اصولوں پر عمل آوری کا مزاج پیدا کرنا چاہئے۔ اس طرح کی تعلیم دینے میں سرپرستوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار روڈ سیفٹی این جی او ٹریکس انڈیا کی عہدہ دار آرادھنا جین نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں کیا۔

وہ طلبہ اور سرپرستوں میں ٹریکس انڈیا اور آئی سی آئی سی آئی لومبارڈ کی جانب سے پیلن رائیڈرس اور ڈرائیورس کے لئے آئی ایس آئی مارک کی معیاری ہیلمٹس کی مفت تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ آرادھنا جین نے کہا کہ پچھلی نشست پر بیٹھنے والے مسافروں کے لئے بھی ہیلمٹ اتنی ہی لازمی ہے جتنی گاڑی چلانے والوں کے لئے ہوتی ہے۔ انھوں نے سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ وہ پولیس کے ڈر سے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے نقطہ نظر سے ہیلمٹ کا استعمال کریں۔ انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ صرف ٹریفک چالان سے بچنے کے لئے ہیلمٹ کا استعمال کرتے ہیں، اپنی جان کی حفاظت کے لئے نہیں اور غیرمعیاری و سستی ہیلمٹس کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے ان کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انسانی زندگی قیمتی ہوتی ہے اور اس کی حفاظت کے لئے تمام معیارات اور اصولوں پر عمل کرنا چاہئے۔ اس موقع پر 120 کمسن طلباء و طالبات اور ان کےسرپرستوں میں ہیلمٹس کے سیٹس تقسیم کئے گئے۔ مسز آرادھنا نے بتایا کہ ان کی تنظیم ٹریکس انڈیا نے 3 مہینے قبل یہ مہم شروع کی۔

ابتداء میں سرکاری اسکولوں سے اس کا آغاز کیا گیا لیکن سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم بیشتر طلباء و طالبات کے والدین کے پاس ٹووہیلر گاڑیاں ہی نہیں تھیں، اس وجہ سے اوسط خانگی اسکولس کے طلبہ و سرپرستوں میں ہیلمٹس تقسیم کرنے کی مہم شروع کی گئی۔ تعلیمی اداروں کے لئے خدمات انجام دینے والی ایک اور این جی او اسٹارس کے بانی اجئے کمار نے بھی خطاب کیا۔ صدرنشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے مفت ہیلمٹس کی تقسیم کے لئے اسکول کے انتخاب پر ٹریکس انڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے صدارت کی۔ 9ویں جماعت کی طالبات مہر اور نیہا نے شکریہ ادا کیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button