آندھراپردیش میں تلگودیشم کے دفاتر اور لیڈروں کے گھروں پر حملے

حیدرآباد _ آندھراپردیش کے کئی اضلاع میں اپوزیشن تلگودیشم کے دفاتر اور لیڈروں کی رہائش گاہوں پر آج دن میں نامعلوم افراد نے حملے کئے ۔ نامعلوم افراد نے منگلا گیری میں واقع تلگودیشم کے  ہیڈ کوارٹر پر پتھراؤ کیا اور دفتر میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی اس واقعے میں دفتر کے شیشہ اور فرنیچر تباہ ہوگئے۔دفتر میں کھڑی گاڑیوں پر لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا گیا۔ کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔   دفتر میں ایک کیمرہ مین بدری حملے کے دوران شدید زخمی ہوا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا۔ ٹی ڈی پی ہیڈ کوارٹر پر حملے کے خلاف پارٹی قائدین اور کارکنوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا۔ اس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔ ٹی ڈی پی آفس پر حملے کے بارے میں جاننے کے بعد منگلا گیری میں پارٹی آفس میں ٹی ڈی پی کے سینکڑوں کارکن جمع ہوگئے۔

اسی دوران صدر تلگودیشم چندرابابو نائیڈو نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور اسے حکمران جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کارستانی قرار دیا۔