نیشنل

اترپردیش انتخابات _ بی جے پی کی پہلی فہرست جاری _ یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور سے امیدوار

اترپردیش انتخابات _ بی جے پی کی پہلی فہرست جاری _ یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور سے امیدوار

لکھنو_  15  جنوری ( اردو لیکس) اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اگلے ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں گورکھپور (اربن) سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی نے ہفتہ کی سہ پہر اترپردیش انتخابات کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ اس فہرست  کو جاری کرتے ہوئے یوگی نے اعلان کیا ہے کہ وہ گورکھپور سے الیکشن لڑیں گے۔ اسی طرح ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ پریاگ راج ضلع کی سیرتو سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ گورکھپور (اربن ) بی جے پی کا گڑھ ہے۔ یوگی وہاں سے 2017 تک لگاتار پانچ بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے

 

مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ گورکھپور سے یوگی آدتیہ ناتھ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے کافی غور و خوض کے بعد کیا ہے ۔پردھان نے بتایا کہ یوگی نے کہا کہ وہ پارٹی کے فیصلے کے مطابق کسی بھی سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ چیف منسٹر یوگی جنہوں نے ماضی میں کبھی اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیا، ان کے تعلق سے قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں کہ وہ ایودھیا یا متھرا میں سے کسی ایک مقام سے الیکشن لڑیں گے۔ آخر کار  گورکھپور سے انھیں امیدوار بنایا گیا ہے  یوپی میں 10 فروری سے شروع ہونے والی سات مرحلوں میں ہونے والی انتخابات کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔

 

بی جے پی نے آج جاری کردہ پہلی فہرست میں 107 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے بی جے پی نے گزشتہ انتخابات میں 83 سیٹیں جیتی تھیں۔ ان میں سے 63 سیٹوں پر گزشتہ انتخابات میں جیتنے والے ایم ایل اے الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ بقیہ 20 سیٹوں پر نئے چہروں کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ بہت جلد بی جے پی 403 رکنی یوپی اسمبلی کی باقی 296 سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button