سابق کرکٹر یوراج سنگھ گرفتار _ چہل کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کا شاخسانہ

نئی دہلی _ ٹیم انڈیا کے سابق کرکٹر یوراج سنگھ کو ہریانہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ انہیں گزشتہ سال ایک لائیو چاٹ  کے دوران ایک کھلاڑی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے  پر گرفتار کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ سال روہت شرما کے ساتھ لائیو چاٹ میں ، انہوں نے کرکٹر یوزویندر چہل کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کئے تھے۔ جس پر ہریانہ کے ہانسی سٹی پولیس اسٹیشن میں یوراج سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیاتھا ۔ یوراج کو اس کیس کے سلسلے میں ضلع حسار میں اتوار کو پولیس نے گرفتار کیا۔ یوراج سنگھ نے فوری طور پر ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ ہائی کورٹ نے انہیں پولیس تحقیقات میں حاضر ہونے کا حکم دیا۔ یوراج سنگھ نے اپنے وکیل کے ہمراہ پولیس تحقیقات میں شرکت کی۔