نوجوت سنگھ سدھو نے پنجاب پردیش کانگریس کی صدارت سے دیا استعفیٰ

امرتسر: پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرکے عہدہ سے نوجوت سنگھ سدھو نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے تقریباً دو ماہ پہلے ہی 23 جولائی کو پنجاب کانگریس کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ وہ سال 2017 اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ 18 ستمبر کو امریندر سنگھ کے چیف منسٹرکے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کئے گئے چرنجیت سنگھ چنی کو 20 ستمبر کو پنجاب کا نیا چیف منسٹرمقرر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے سال 2019 میں اپنے مقامی بلدیاتی محکمہ سے ہٹائے جانے کے بعد ریاستی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ فی الحال انھوں نے پردیش کانگریس کی صدارت سے استعفیٰ دیا ہے لیکن انھوں نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔