تلنگانہ

شہر نظام آباد میں مختلف دینی مدارس کے طلباء، علماء اکرام، آئمہ وموذنین، اساتذہ کرام کی فقیدالمثال ترنگا ریالی 

سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ گلستان ہمارا 

مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا ہندی ہیں ہم وطن ہے ہندوستاں ہمارا

شہر نظام آباد کے مختلف دینی مدارس کے طلباء، علماء اکرام، آئمہ وموذنین، اساتذہ کرام کی تاریخی اپنی نوعیت کی منفرد و قومی ترنگا پرچم ریالی کا فقید المثال 

مولانا مفتی سعید اکبر صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کی دعا کیساتھ ریالی کا آغاز۔ ریالی سے ضلع کلکٹرسی نارائن ریڈی، محمد خضر احمد قاسمی کے خطابات 

نظام آباد:20/ اگست (اُردو لیکس) ریاست تلنگانہ ہندوستان کے 75ویں یوم آزادی کو یادگا بنانے کیلئے 15 روزہ عظیم الشان جشن منانے کا اہتمام کیا ہے۔ اس جشن کے یادگار بنانے کیلئے شہر نظام آباد کے مختلف معروف دینی مدارس کے طلباء جن میں مظہر العلوم ٹرسٹ، انوار المدارس، دارالعلوم کوثر علی، قاسم العلوم، مدینتہ العلوم، مدرسہ ابو بکر صدیق، مدرسہ ضیاء الھدیٰ کے علاوہ جمعیت العلماء ہند، آئمہ و موذنین، اساتذہ اکرام کی جانب سے آج مولانا مفتی سعید اکبر خطیب و امام جامع مسجد و صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نظام آباد کی دعا کے ساتھ اپنی نوعیت کی منفرد تاریخی، قومی ترنگا پرچم ریالی کا آج دوپہر قدیم قبرستان بودھن روڈ سے انعقاد عمل میں آیا۔

ریالی شہر کے اہم شاہراؤں نہروپارک، گاندھی چوک، نیو بس اسٹانڈ سے گذرتی ہوئی کلکٹریٹ گراؤنڈ پر پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ اس ریالی کی خصوصیت یہ تھی کہ قومی پرچم ترنگا کو عزت و احترام کے ساتھ لہراتے ہوئے مکمل نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا 250 میٹر طویل قومی پرچم کو دینی مدارس کے طلباء اور اساتذہ کرام تھامے ہوئے ملک سے حب الوطنی کے جذبہ کو اجاگر کررہے تھے دوسری جانب طلباء اور شرکاء ریالی ہاتھوں میں قومی ترنگا پرچم اپنے ہاتھوں میں لہراتے ہوئے حب الوطنی کے نعرہ بلند کررہے تھے ریالی میں حب الوطنی کے نغموں سے گونج رہی تھی جس کا ایک دلکش نظارہ عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ 13/ اگست کو این سی سی، این ایس ایس، اسکواٹس اینڈ گائیڈس بشمول ملازمین کی جانب سے قومی ترنگا پرچم ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور سہ رنگی غباروں کو فضاء میں چھوڑا گیا تھا

 

اسی طرز پر شہر نظام آباد میں دینی مدارس میں زیر تعلیم طلباء نے عظیم الشان پیمانے پر ریالی کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے اپنے محب وطن ہونے کا ثبوت پیش کیا جس کی ہر گوشہ سے ستائش کی جارہی ہے۔ کلکٹر یٹ گراؤنڈ پر منعقدہ قومی ترنگا پرچم ریالی میں ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے دینی مدارس کے طلباء کی جانب سے قومی ترنگا پرچم ریالی کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر ریاستی حکومت کی جانب سے 15 روزہ وجرا اتسوالوکی تقاریبات میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام کثیر تعداد میں شرکت کررہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مختلف مذاہب اور اپنی علیحدہ علیحدہ ثقافتی و تہذیبی شناخت رکھنے کے باوجود ہندوستان ایک گلدستہ کے مانند ہے اور تمام ایک ہندوستانی ہے جس کے باعث ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے ہندو مسلم بلا تفریق و دیگر مذاہب کے ماننے والے مل جل کر ضلع کی ترقی میں اپنا رول ادا کررہے ہیں۔ مولانا محمد خضر احمد قاسمی ناظم مدرسہ انوارالعلوم مدارس نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدوجہد آزادی میں علماء اکرام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہو ئے اپنی جانوں کو قربان کیا اور ہندوستان انگریز سامراج کے خلاف لڑتے ہوئے ہندوستان کو آزادی دلائی۔

اس ریالی میں شرکت کرنے والے اہم شرکاء میں مولانا سید عابد علی قاسمی، مولانا شیخ حیدر قاسمی، مولانا احسان احمد قاسمی صدر سٹی جمعیت العلماء نظام آباد، مولانا سید سمیع اللہ قاسمی، مولانا محمد ارشد متین مظاہری، مولانا مختار مظاہری، سید واجد نواز صدر جمعیت الحفاظ ویلفیر سوسائٹی، مرزا افضل بیگ جنرل سکریٹری سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی، محمد افضل الدین کار گذار صدر عیدگاہ کمیٹی جدید و قدیم نظام آباد،وسیم احمد خان خازن ڈسٹرکٹ حج سوسائٹی، ایم اے راحیل رکن عیدگاہ کمیٹی، ندیم احمد نائب صدر ہلپ ویلفیر سوسائٹی کے علاوہ دیگر علماء اکرام موجود تھے۔ یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ علماء اکرام اور دینی مدارس کے طلباء سفید ملبوسات میں قومی ترنگا پرچم لہراتے ہوئے ایک دلکش نظارہ پیش کررہے تھے۔ اس جلسہ کی کارروائی مولانا عبدالقیوم شاکر جنرل سکریٹری جمعیت العلماء نظام آباد نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں چلائی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے اے سی پی نظام آباد وینکٹیشور کی نگرانی میں موثر اقدامات کئے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button