تلنگانہ ضلع محبوب نگر کے کئی مراکز میں ویکسین ختم،عوام کو مشکلات

محبوب نگر: تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے بیشتر ٹیکہ اندازی کے مراکز پر کورونا کے ٹیکے ختم ہوگئے ہیں۔ان مراکز پر ”نو اسٹاک“کے بورڈس لگادیئے گئے ہیں۔ٹیکے کب دیئے جائیں گے کسی کو پتہ نہیں۔ضلع میں ان ٹیکوں کے مناسب اسٹاک کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔کئی افراد صبح ہی سے ان مراکز پر پہنچ کر ٹیکہ لینے کے لئے اپنی باری کے منتظر ہیں تاہم ٹیکے کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کو مسائل کا سامنا کرناپڑا۔۔ہفتہ کو محبوب نگر کے 16مراکز میں صرف 570ڈوز ہی دستیاب کروائے جاسکے۔8مراکز پر ٹیکے دستیاب نہیں ہیں۔ضلع کے جنرل اسپتال میں ٹیکے کے لئے لوگ بڑی تعداد میں پہنچ گئے جن کو مایوسی کا سامنا کرناپڑا۔وشنو پریہ ویکسین انچارج نے کہا کہ وافراسٹاک نہیں ملا ہے جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔اگر اسٹاک مناسب ہوں تو تمام کو ٹیکے دیئے جاسکتے ہیں۔