نیشنل

اب رات میں بھی ہوگا پوسٹ مارٹم

حیدرآباد: مرکزی حکومت نے پوسٹ مارٹم کے لئے انگریزوں کے دور کے نظام میں تبدیلی کردی ہے اور اب رات میں بھی پوسٹ مارٹم کرنے کی سہولت دستیاب رہے گی۔ واضح رہے کہ تاحال ملک میں پوسٹ مارٹم صرف دن میں کیا جاتا ہے۔ پوسٹ مارٹم ایسے افراد کی نعشوں کا کیا جاتا ہے جن کی مشتبہ موت ہوئی ہو،حادثات میں اموات ہوئی ہو،قتل ہوا ہو یا پھرانھوں نے خودکشی کی ہو۔ بتایا گیا ہے کہ رات میں پوسٹ مارٹم کی اجازت سے حادثہ میں مرنے والے شخص کی نعش کو اس کے گھر والوں کوجلد سے جلد حوالے کرنے کا عمل آسان ہوگا۔ مرکز کی جانب سے جاری کردہ نوٹفکیشن کے مطابق جن ہاسپٹلس میں مناسب بنیادی سہولت موجود ہے وہاں سورج غروب ہونے کے بعد بھی پوسٹ مارٹم کیاجا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں نوٹفیکنش جاری کردیا گیا ہے جس پرفوری اثرکے ساتھ عمل کیا جائے گا۔ نوٹفکیشن کے مطابق رات میں پوسٹ مارٹم کے دوران پورے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھی جائے گی۔ اس کا استعمال قانونی مقاصد اور شبہ کی صورت میں کیا جاسکے گا۔ قتل، خودکشی، عصمت ریزی، مسخ شدہ لاش، مشتبہ حالات میں فوت ہونے والوں کی نعشوں کا رات میں پوسٹ مارٹم نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button