این آر آئی

واشنگٹن ڈی سی میں اے ٹی اے کے 17 ویں کنونشن میں رکن کونسل کویتا نے تلنگانہ پویلین کا افتتاح کیا

اے ٹی اے کی جانب سے تلگو تہذیب سے آگاہی کے لئے کی جارہی کوششوں کی ستائش

واشنگٹن ڈی سی۔ 3 جولائی ( پریس ریلیز) ٹی آر ایس رکن کونسل کے کویتا نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکن تلگو ایسوسی ایشن(اے ٹی اے) کے 17ویں کنونشن اور یوتھ کانفرنس میں تلنگانہ پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم تلگو عوام کو ایک پلیٹ فارم پر لانا اور تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کرانے اے ٹی اے کنونشن میں تلنگانہ پویلین کا قیام بڑے فخر کی بات ہے۔

محترمہ کویتا نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثال بن سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک زمانہ میں این ٹی راما راو نے ملک میں تلگو عوام کو پہچان دی تھی اور اس دور میں کے سی آر تلنگانہ کی عوام کو دنیا بھر میں پہچان دے رہے ہیں ۔ رکن کونسل کویتانے اے ٹی اے کی جانب سے تلگو تہذیب سے آگاہی کے لئے کی جارہی کوششوں کی ستائش کی ۔ ا س موقع پر انہوں نے ایک تجویز بھی پیش کی کہ اگر امریکہ میں تلگو اسوسی ایشنز شہروں میں کھیلوں کیلئے کوارٹرس قائم کریں اور تلگو تہذیب اور روایات کو فروغ دینے کے لیے میوزیم بنائیں تو یہ آنے والی نسلوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوں گے۔ ٹی آر ایس قائد نے بتایا کہ مالدیپ اور ماریشس کے تمام تلگو عوام نے تلگو زبان اور تہذیب کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے کے لیے ریاستی حکومت اور تلگو یونیورسٹیوں کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں ۔

ایم ایل سی کویتا نے کہا کہ ریاستی حکومت اے ٹی اے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ امریکہ میں تلگو عوام کی آنے والی نسلوں کو تلگوتہذیب اور روایات سے واقف کروایا جاسکے ۔ اسی دوران ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کویتا نے بتوکماں پر تحریر کردہ خصوصی کتاب کی بھی رسم اجراء انجام دی ۔ اس تقریب میں اے ٹی اے کے بانی رکن ہنمنتا ریڈی، ٹی آر ایس این آر آئی سیل اور تلنگانہ جاگرتی کے نمائندوں کے علاوہ این آر آئیز کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔

اے ٹی اے کے دو بنیادی رہنما اصول کمیونٹی کا اتحاد اور سالمیت ہیں ۔ جو پورے امریکہ میں تلگو تہذیبی وراثت، اقدار اور تلگو نسل کے لوگوں کی ترقی کے واحد مقصد کے ساتھ تشکیل دئے گئے ہیں جس کا نعرہ”ہماری تہذیب کے لئے جوش و جذبہ، ہمارے لوگوں کے لئے ہمدردی ہے”۔ 17ویں اے ٹی اے کانفرنس میں ہندوستان اور امریکہ دونوں کے تلگو دانشوروں ، تکنیکی ماہرین، ڈاکٹروں ، مشہور تاجروں ،تہذیبی اور ادبی ماہرین کی صلاحیتوں کوپیش کیا گیا ۔ مذکورہ تقریب یکم جولائی تا3 جولائی واشنگٹن ڈی سی میں والٹر ای کنونشن سینٹر میں منعقد رہی ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کویتا کی زیرقیادت ثقافتی تنظیم تلنگانہ جاگروتی نے پچھلے سال برج خلیفہ میں بتوکماں کی جھلکیاں پیش کرتے ہوئے تاریخ رقم کی تھی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button