جرائم و حادثات

ٹریڈنگ میں سرمایہ کاری کے نام پر کرڑوہا روپئے کا چونا لگانے والی ٹولی حیدرآباد میں گرفتار ۔9 کروڑ سے زائد رقم ضبط

حیدرآباد: مارکٹ باکس ایپ کے ذریعہ سرمایہ کاری اورٹریڈنگ کے نام پرکروڑہا روپئے کا دھوکہ دینے والے ایک گروہ کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔ اس ٹولی کو تعلق راجستھان اوراترپردیش سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان دھوکہ بازوں کو گرفتارکرکے ان کے پاس سے 9.81 کروڑ روپئے نقد رقم ضبط کرلی۔ کمشنرپولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی مرتبہ اتنی زیادہ رقم ضبط کی گئی ہے۔ گروہ کے ارکان مارکٹ باکس ایپ کے ذریعہ اس طرح سرمایہ کاری کے نام پربھولے بھالے لوگوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔ دراصل اس پورے گروہ میں 10 لوگ شامل ہیں جن میں سے چارکی گرفتاری عمل میں آئی دیگرملزمین کی تلاش جاری ہے۔ ملزمین نے ایک شخص سے سرمایہ کاری کے نام پر62 لاکھ روپئے وصول کرتے ہوئے اسے 34 لاکھ کا دھوکہ دیا تھا۔ قریب تین ہزارافراد نے اس ایپ میں رکنیت حاصل کی تھی۔ کمشنرپولیس نے واضح کیا کہ مارکٹ باکس ایپ کا سیبی میں اندراج نہیں ہے۔ انھوں نے شہریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے نام پرروانہ کئے جانے والے فون کالس، میل اورپیغامات پربھروسہ نہ کریں۔ ملزمین کی شناخت ابھیشیک جین، پاون کمار، اکشئے رائے اورکرشنا کمار کے طورپرکی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button