جنرل نیوز

معروف آن لائن اردو پورٹل تعمیر نیوز کی انوکھی پہل۔ اردو میں مضمون لکھ کر جیت سکتے ہیں انعام

نئی دہلی: علمی، ادبی، سماجی و ثقافتی ویب پورٹل تعمیرنیوز نے اپنی مسلسل آن لائن اشاعت کے 9 سال مکمل کیے ہیں۔ اس لحاظ سے 2022ء اردو کے اس منفرد اور امتیازی ویب پورٹل کا دسواں سال ہے۔

اسی خوشی میں، تعمیرنیوز کے بانی اور مدیر اعزازی کی حیثیت سے مکرم نیاز نے تعمیرنیوز پر اشاعت کے لیے نوجوان قلمکاروں کو مضامین ارسال کرنے کی دعوت کا اعلان کیا ہے۔ ان انعامات کا بنیادی مقصد نوجوان قلمکاروں میں مطالعے کے رجحان کی ترغیب اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی ہے۔

سال 2022ء کے دوران، ہر ماہ کے منتخب تین (3) مضامین کو اعزازی نذرانہ مبلغ ایک ہزار (1000) روپے فی مضمون عطا کیا جائے گا۔ انعام کی رقم صرف ہندوستانی کرنسی میں اور صرف ہندوستانی یو-پی-آئی نمبر یا بنک اکاؤنٹ پر ادا کی جائے گی۔ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تعمیرنیوز پر آن لائن پریس نوٹ کے ذریعے تین منتخب مضامین کا اعلان کرنے کے ساتھ اسی دن انعام کی رقم بھی ارسال کر دی جائے گی۔

تعمیرنیوز کے بانی اور مدیر اعزازی مکرم نیاز نے بتایا کہ 15/دسمبر 2012ء کو اس ویب سائٹ کا اجراء عمل میں آیا تھا اور تب سے اب تک تعمیر نیوز نے سیکڑوں کتابوں کو یونیکوڈ شکل میں شائع کرنے کے علاوہ بڑی تعداد میں فیچر ، مضامین ، مقالے اور تراجم شائع کئے ہیں جسے علمی و ادبی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے ، انھوں نے بتایا کہ اس مقابلے کا مقصد نئی نسل میں اردو کا شوق پیدا کرنا اور ان کی خفیہ صلاحیتوں کو بیدار کرنا ہے۔ انھوں نے خصوصی طور پر اردو میڈیم اسکولوں اور مدارس کے طلباء کو اس میں حصہ لینے کی گذارش کی ہے ، انھوں نے اساتذہ اور سرپرستوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی توجہ اس جانب مبذول کرائیں۔

مقابلے سے متعلق تفصیلات تعمیر نیوز کے آفشیل پیج پر شائع کر دئے گئے ہیں۔ خواہش مند حضرات www.taemeernews.com پر مکمل تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button