حیدرآباد میں پھرآکسیجن کی کالا بازاری

حیدرآباد: این جی او کے نام پر آکسیجن سلنڈرس کی کالابازاری کرنے والے افراد کو تلنگانہ کی رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیااور ان کے خلاٖف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر دفعات کے تحت ایک معاملہ درج کرلیا۔ملزمین کی شناخت محمد عبداللہ ساکن کنچن باغ،محمد مظہر ساکن فلک نما اور سید عارف ساکن چندرائن گٹہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ افراد ایک گاڑی میں آکسیجن سلنڈرس منتقل کررہے تھے کہ پولیس نے ان ملزمین کو حراست میں لے لیا کیونکہ یہ ملزمین آکسیجن سلنڈرس کی منتقلی کے بارے میں دستاویزات دکھانے میں ناکام رہے ۔پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ ملزم نمبر3سید آصف ماس فاونڈیشن کے نام سے ایک این جی او چلاتا ہے۔وہ سلمان نامی شخص سے 16000روپے میں سلنڈر خرید کر اس کو ضرورت مندوں کو 25000روپئے میں فروخت کیاکرتاتھا۔اس نے اپنے غیر قانونی کاروبار کے لئے دوسرے نوجوانوں کی بھی خدمات حاصل کی تھیں۔یہ افراد بھاری قیمت پریہ سلنڈرس ضرورت مند افراد کو فروخت کررہے تھے۔