حیدرآباد سمیت تلنگانہ میں بارش۔ مزید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد:تلنگانہ کےکئی اضلاع میں کل سے بارش ہورہی ہے۔ آج صبح سے ہی حیدرآباد میں موسم ابرآلود ہے اوردوپہرکے وقت شہرکے بعض علاقوں میں بارش بھی ہوئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات پر گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے عادل آباد‘ کتہ گڈم‘ حیدرآباد‘ جگتیال‘ کاما ریڈی‘ محبوب آباد‘منچریال‘ میدک‘‘ نرمل‘ نظام آباد‘ پدا پلی‘راجنا سرسلہ ‘ رنگا ریڈی’ سوریہ پیٹ‘ وقارآباد ‘ورنگل رورلر اربن اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ واضح رہے کہ ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے کل بھی ریاست کے کئی مقامات پر بارش ہوئی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ا پنے بلیٹن میں اس نے کہا کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران شمالی ساحلی آندھرا،یانم،رائل سیما میں گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ تلنگانہ میں 7اور8مئی کوبارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے منچریال،نظام آباد،میدک کے بعض مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔اسی عرصہ کے دوران ریاست کے کئی مقامات پر بارش ہوئی۔اعظم ترین درجہ حرارت41ڈگری سلسیس تلنگانہ کے نلگنڈہ اور 38.8ڈگری سلسیس کرنول میں درج کیاگیا۔حیدرآباد میں گذشتہ روزدرجہ حرارت36.7ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔