پرنٹ اورالکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا۔شادی اورآخری رسومات میں شرکت کرنے والوں کی تعداد مقرر: ڈی جی پی تلنگانہ

حیدرآباد: ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ لاک ڈاون کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے علاوہ تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو اکریڈیشن یا اخبارات کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا۔ اسی طرح ریاست میں شادی کی تقریب میں دونوں طرف سے صرف 40 مہمانوں کو شرکت کی اجازت رہے گی اور شادی کے لئے قبل از وقت اجازت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ آخری رسومات میں بھی صرف 20 افراد کو ہی شرکت کی اجازت رہے گی۔