ایجوکیشن

”حقوق انسانی کا اسلامی اور عصری تناظر “ شعبہ اسلامک اسٹڈیز ، مانو میں ایک روزہ سمینار

حیدرآباد، 6 دسمبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز ،نئی دہلی کے اشتراک سے ” حقوق انسانی کا اسلامی اور عصری تناظر“ کے موضوع پر 8 دسمبر 2021 کو ایک روزہ سمینار /وبینار منعقد کیا جارہاہے۔ افتتاحی اجلاس صبح ساڑھے دس بجے شیخ الجامعہ ،پروفیسر سید عین الحسن کی صدارت میں شروع ہوگا۔ پروفیسر محمد فہیم اختر ‘صدر شعبہ استقبالیہ کلمات پیش کریں گے۔ شعبہ و سمینار کے موضوع کے تعارف اور طلبائے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے تعارف کے بعد دیواری پرچہ اسلامی مطالعات کا رسم اجراءمحترم شیخ الجامعہ کریں گے۔
سمینار کی علمی نشست میں تین اہم موضوعات پر خطابات ہونگے۔ پہلا خطاب ’حقوق انسانی کا اسلامی تناظر‘ کے موضوع پر پروفیسر محسن عثمانی ندوی (سابق ڈین ایفلو یونیورسٹی، حیدر آباد) کا ہوگا۔ دوسرا خطاب ’حقوق انسانی کا عصری تصور ‘ کے موضوع پر پروفیسر مہتاب منظر (شعبہ سیاسیات ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی) اور تیسرا خطاب ’ حقوق انسانی کے تحفظ کا نظام‘ کے موضوع پر ڈاکٹر شکیل احمد (شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو، حیدر آباد) کا ہوگا۔ یہ علمی نشست پروفیسرایم افضل وانی، (وائس چیرمین انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز، نئی دہلی) کی صدارت میں منعقد ہوگی۔
سمینار آئی ایم سی ،مانو کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ سمینار کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد فہیم اختر اور شعبہ کے تمام اساتذہ نے اہل ذوق سے اس سمینار میں آن لائن شرکت کی گذارش کی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button