تلنگانہ ضلع کومرم بھیم آصف آباد میں شیر کی موجودگی سے سنسنی

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد کے مختلف مقامات پر شیر کی موجودگی سے سنسنی پائی جاتی ہے۔ضلع کے آگرگوڈا،لوڈپالی،کونڈاپلی،گنڈے پلی اور دیگر مواضعات میں شیر کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔گذشتہ روز لوڈپلی اور سالوگاپلی موضع کے درمیان سڑک عبور کرنے والے ایک موٹر سائیکل سوار نے شیر کی تصویر کو اپنے کیمرہ میں قید کیا۔یہ جانور مئی کے آخری ہفتہ میں اپنی پیاس بجھانے کے لئے مسلسل پداواگو علاقہ میں نظر آیا تھاجس کے نتیجہ میں مقامی افراد میں سنسنی پھیل گئی تھی۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار اس شیر کو پکڑنے کے لئے جال بچھانے کی مساعی کررہے ہیں،تاہم زرعی کھیتوں اور قریبی نہروں میں اس کی موجودگی سے مقامی افراد میں خوف پایاجاتا ہے۔موٹر سائیکل سوار لوڈپلی۔سولوگولوپلی روڈ کے راستہ کو اختیار کرنے سے گریز کررہے ہیں۔اسی دوران محکمہ جنگلات نے کہا کہ یہ شیر زرعی کھیتوں کے ذریعہ اپنے معمول کے راستہ پر نظر آرہا ہے۔