نیشنل

کرناٹک میں گاؤ رکھشکوں نے مویشیوں کے تاجر ادریس پاشاہ کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا، دیگر دو زخمی

بنگلورو _ 2 اپریل ( اردولیکس ڈیسک) ریاست کرناٹک میں بنگلورو کے قریب رام نگر ضلع میں مبینہ طور پر گاو رکشکوں نے ایک مسلمان شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

 

مویشیوں کے تاجر ادریس پاشاہ اور اس کے دو ساتھیوں پر جمعہ کی رات خود ساختہ گاو رکھشکوں نے حملہ کیا جس کی قیادت  پونیت کیریہلی نامی شخص کر رہا تھا

گاو رکھشکوں نے ایک کنٹینر گاڑی کو روکا جس میں ادریس اور دیگر افراد مویشی لے جا رہے تھے۔  ادریس نے انہیں بتایا کہ انہوں نے منڈی سے مویشی خریدے اور کاغذات دکھائے، تاہم گاو رکھشکوں نے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ جب ادریس نے رقم دینے سے انکار کیا تو انہوں نے اسے پاکستان جانے کو کہا اور اس پر اور دو دیگر افراد پر حملہ کیا۔

 

جبکہ کچھ حملہ آوروں نے ادریس اور عرفان کا پیچھا کیا، دوسروں نے کنٹینر ڈرائیور سید ظہیر پر حملہ کیا۔ ایک پولیس کانسٹیبل نے مداخلت کی اور ظہیر اور پونیت کیریہلی کو قریبی تھانے لے گئے۔

 

پونیت کیریہلی نے ظہیر اور دیگر کے خلاف گایوں کی غیر قانونی نقل و حمل کی شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد ظہیر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کرناٹک پریوینشن آف کاؤ سلاٹر اینڈ کیٹل پریونشن ایکٹ، پریوینشن آف کرولٹی ٹو اینیملز ایکٹ، ٹرانسپورٹیشن آف اینیملز ایکٹ اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

 

تفتیش کے دوران، پولیس نے پایا کہ ادریس کی موت پونیت کیریہلی اور دیگر گاؤ رکھشکوں کے حملے کے بعد ہوئی تھی۔ظہیر کی شکایت پر پولیس نے پونیت کیریہلی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزمان کے فرار ہونے کی اطلاع ہے۔

اس قتل پر ادریس کے رشتہ داروں اور رام نگر کے  مسلمانوں  نے احتجاج شروع کیا۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button