جگتیال ضلع کی یہ لڑکی شمشان گھاٹ سے شرکت کررہی ہے آن لائن کلاسس

جگتیال _ طلبہ کو آن لائن کلاسس کے لئے انٹرنٹ نٹ ورک کے مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔حالیہ عرصہ کے دوران کئی طلبہ کو انٹرنٹ کے نٹ ورک کے لئے درختوں اور اونچے مقامات پربیٹھ کر آن لائن تعلیم حاصل کرتا ہوا دیکھاگیا ہے تاہم تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں نٹ ورک کے مسائل پر ایک لڑکی کو کہیں اور نہیں بلکہ شمشان گھاٹ کے قریب بیٹھ کرآن لائن کلاسس میں شرکت کیلئے مجبور ہونا پڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے ملیال منڈل کے سرواپور کی رہنے والی مریالا کلپنا نامی طالبہ نے ایمسیٹ میں 698نشانات حاصل کئے تھے جس کے بعد اس کا داخلہ سال 2017میں ایک پرائیویٹ کالج میں ہوگیا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے وہ گذشتہ دو سال سے آن لائن کلاسس میں شرکت کررہی ہے۔اس کو انٹرنیٹ کے نٹ ورک اورسگنلس کے کئی مسائل کا سامناکرناپڑرہا ہے۔وہ چاہتی تھی کہ اس کے مکان کی چھت پر بیٹھ کر آن لائن کلاسس سے استفادہ کرے تاہم اس کو خوف ہے کہ اس علاقہ میں بندرسرگرم ہیں جو اس پر حملہ نہ کردیں۔اسی لئے وہ ایسا کرنے سے گریز کررہی ہے۔یہ طالبہ شمشان گھاٹ کے قریب بیٹھ کر آن لائن کلاسس میں حاضرہورہی ہے۔