انٹر نیشنل

سعودی عرب ۔ کنگ فیصل ہسپتال میں روبوٹ کے ذریعے جگر کی پیوند کاری، دنیا کا پہلا کامیاب آپریشن 

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب مختلف شعبوں میں مسلسل اپنا کلیدی رول اور کامیابیاں درج کروارہا ہے۔ ایک تازہ اطلاع کے مطابق کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے روبوٹ کے ذریعے جگر کی مکمل پیوند کاری (این اے ایس ایچ) اور جگر کے خلیوں کے کینسر (ایچ سی سی) کے آپریشن میں کامیاب ہو گیا جو کہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

 

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق آپریشن کی میڈیکل ٹیم کے سربراہ اور اعضا کی پیوند کاری کے سینٹر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈائٹر برورنگ نے کہا کہ ’اپنی نوعیت کی یہ اعلی درجے کی کارکردگی بتا رہی ہے کہ کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال میڈیکل کے شعبے میں اچھوتے پن اور دنیا بھر کے مریضوں کو شانداراور معیاری خدمات پیش کرنے کے اپنے عہد پر قائم ہے۔‘

 

ٹیم کے سربراہ نے توجہ دلائی کہ ’آپریشن ایک سعودی شہری کا کیا گیا ہے جو عمر کے چھٹے عشرے میں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’روبوٹ کے ذریعے جگر کی پیوند کاری میں کامیابی اعضا کی پیوند کاری کی تاریخ میں کلیدی موڑ کا درجہ رکھتی ہے۔‘میڈیکل ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’اس سے اس شعبے میں بین الاقوامی مثالی ادارے کی حیثیت سے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کی حیثیت اجاگر ہو رہی ہے۔

 

کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال روبوٹ کے ذریعے جگر کی پیوند کاری کے میدان میں پوری دنیا میں منفرد شناخت رکھتا ہے۔اس سے قبل اسپیشلسٹ ہسپتال پیوند کاری کا عمل روبوٹ اور روایتی جراحت کے ذریعے کیا کرتا تھا۔ پہلی بار پیوندکاری کا تمام عمل روبوٹ کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔ کینسر کے خلیوں کے نکالنے سے لے کر پیوند کاری تک تمام کام روبوٹ سے کرایا گیا۔

 

کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال 2018 سے جگر عطیہ کرنے والے افراد کی جانب سے جگر کو جزوی طور پر کاٹنے کے سلسلے میں روبوٹ آپریشن پر انحصار کر رہا ہے۔ جگر کی روبوٹ کے ذریعے مکمل پیوند کاری عام پیوند کاری سے مختلف ہوتی ہے۔ کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اور اس کا ریسرچ سینٹر خصوصی صحت نگہداشت کے سلسلے میں دنیا بھر کے نمایاں ترین ہسپتالوں میں شمار ہوتا ہے۔

 

حال ہی میں اس حوالے سے 2023 کے دوران دنیا کے بہترین اداروں کی فہرست کی درجہ بندی میں اس کا نمبر 20 واں اور مشرق وسطی و افریقہ کی سطح پر پہلا رہا۔ درجہ بندی کا یہ کام ’برانڈ فنانس‘ نے کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button