لاک ڈاون :باہرنکلنے والے شخص کی پولیس کی پٹائی سے موت

چینئی: ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کو پھیلاو سے روکنے کیلئے لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔ لاک ڈاون کے دوران گھروں سے باہرنکلنے والوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔ ریاست تمل ناڈو میں لاک ڈاون کے دوران گھرسے نکلنے والے شخص کی پولیس کی جانب سے پٹائی کی گئی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ ریاست تمل ناڈومیں پیش آیا۔ 40 سالہ مرگیشن نامی شخص کام کے سلسلے میں سیلم سے دھرماپوری کیلئے جارہا تھا کہ راستہ میں ایڑا پوری چیک پوسٹ کے پاس پولیس نے اسے روک لیا اورباہرنکلنے کی وجہہ دریافت کرتے ہوئے اس کی پٹائی کردی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔ ریاست بھرمیں اس واقعہ کے خلاف عوام میں برہمی پیدا ہوگئی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے ایک سب انسپکٹرسمیت دو ملازمین پولیس کو معطل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص حالت نشہ میں تھا اوروہ پولیس سے الجھ گیا۔