بیرون ممالک اعلی تعلیم کے لئے سفر کرنے والے طلباء و طالبات کے لئے مفت ویکسین کی سہولت ، استفادہ کی اپیل

 

حیدرآباد _ حکومت تلنگانہ نے کوویڈ ویکسینیشن کے ضمن میں ایک اہم اقدام کے طور پر اعلی تعلیم کے حصول کے لئے بیرون ملک سفر کرنے والے طلبا ء و طالبات کے لئے کوود ٹیکہ اندازی کے پروگرام کا آغاز کیا ہے جو 7،جون 2021سے جاری ہے۔ حیدرآباد کے انسٹیٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن، انٹرنیشنل ہیلتھ ویکسینیشن سینٹر،نارائن گوڑہ نزد وائی ایم سی اے چوراہا پر یہ سہولت دستیاب ہے۔یہاں روزانہ 700 سے زائد استفادہ کنندگان کو ٹیکے دئے جارہے ہیں۔4،جون سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں جبکہ پہلے ہی دن تین ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں۔بیرون ملک جانے والے اور ٹیکہ کے حصول کے خواہش مند طلباء و طالبات حکومت تلنگانہ کی ویب سائٹ www.health.telangana.gov.in یا اس لنک https://covid19.aarogyasri.telangana.gov.in/COVID/sVSBooking.htm کے زریعہ رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ٹیکہ لینے کے موقع پر اصل پاسپورٹ،درست ویزا کاپی،اور بیرون ملک یونیورسٹی کے داخلہ لیٹر ساتھ رکھنا لازمی ہے۔دوسرا ٹیکہ چار ہفتوں بعد دوبارہ اسی طرح ر جسٹریشن کے بعد دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے یہاں کوویشیلڈ ویکسین مفت دیاجارہا ہے۔ جو تقریباً 130 ممالک میں منظور کیا جاچکا ہے۔بیرون ملک جانے والے طلباء و طالبات اس موقع سے ضرور استفادہ اٹھائیں۔