تلنگانہ لاک ڈاون سے متعلق ایک اہم اطلاع

حیدرآباد _ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے اوقات میں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نرمی دینے کا ریاستی کابینہ نے آج  جو فیصلہ کیا ہے اس پر 10 جون جمعرات کی صبح سے عمل آوری ہوگی۔جبکہ کل 9 جون چہارشنبہ کے دن لاک ڈاؤن کے اوقات صبح 6 بجے سے دوپہر دو بجے تک ہی ہوں گے۔اور دوپہر دو بجے کے بعد لاک ڈاؤن شروع ہوجائے گا۔اس سلسلہ میں عوام میں کافی الجھن پائی جارہی ہے
واضح رہے کہ آج شام ریاستی کابینہ نے  تاحال جاری لاک ڈاؤن میں مزید دس دن 18 جونتک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے نرمی کے اوقات میں مزید چار گھنٹوں کا اضافہ کرتے ہوئے ان اوقات کو صبح 6 بجے تا شام 5 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح نرمی کے اوقات کے اختتام پر باہر موجود افراد کو اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کے لئے مزید ایک گھنٹہ یعنی شام 6 بجے تک رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ نے شام 6 بجے تا صبح 6 بجے تک لاک ڈاؤن کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کیں۔ نیز ستّوپلی، مدھیرا، نلگنڈہ، ناگرجنا ساگر، منوگوڈے، دیورکنڈہ اور مریال گوڈہ اسمبلی حلقہ جات میں کورونا کی صورتحال ہنوز قابو سے باہر پائے جانے کے تناظر میں کابینہ نے ان حلقہ جات میں موجودہ طور پر جاری لاک ڈاؤن کو کسی بھی قسم کی تبدیلی کے بغیر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔