تلنگانہ

تلنگانہ:لاک ڈاون میں باراتیوں کو لے جانے والی بس ضبط ۔دلہن کے باپ اورڈرائیور کے خلاف کیس

وقارآباد: لاک ڈاون قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقررہ تعداد سے زائد باراتیوں کو لے جانے والی آرٹی سی بس کو پولیس نے ضبط کرلیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع وقارآباد میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے تانڈور منڈل گاوتا پور چیک پوسٹ کے قریب پولیس تلاشی مہم انجام دے رہی تھی کہ اسی دوران پرگی ڈپو کی بس وہاں پہنچی۔اس بس میں 60مسافرین تھے۔جب پولیس نے ان مسافرین سے وجہ دریافت کی تو تمام نے کہا کہ وہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے جارہے ہیں۔پولیس نے کہا کہ لاک ڈاون کے قواعد کے مطابق شادی کیلئے دلہن کی طرف سے صرف دس افراد کو ہی جانے کی اجازت ہے۔

پولیس نے قواعدکی خلاف ورزی پر دلہن کے باپ اور بس ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کرلیااور بس کو ضبط کرلیا۔ کرن کوٹہ پولیس نے کہا کہ لاک ڈاون کے قواعد کے مطابق لاک ڈاون کے حصہ کے طورپر تمام پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں تلاشی مہم چلائی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس بس کے سلسلہ میں کسی قسم کا پاس یا کوئی اجازت قبل ازیں حاصل نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ لڑکی کے باپ نارائنا اور بس کے ڈرائیور وینکٹ ریڈی کے خلاف دفعہ 188،تعزیرات ہند کی دفعہ269،ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 51کے تحت معاملہ درج کرلیا۔

واضح رہے کہ تلنگانہ سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے لاک ڈاون پرسختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ صبح دس بجے کے بعد غیرضروری طورپرگھروں سے باہرنکلنے والوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button