وادی ھدیٰ میں جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کے کوویڈ آکسیجن تھراپی سنٹر کا وزیر سبیتا اندرا ریڈی کے ہاتھوں افتتاح

*دارلھدیٰ کیمپس وادی ھدیٰ پر جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کے زیر نگرانی کوویڈ آکسیجن تھراپی سنٹر کا افتتاح*
*مہمان خصوصی وزیر تعلیم محترمہ سبیتا اندرا ریڈی اورامیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی شرکت*

 

شہر میں اس وقت کوویڈنا ئنٹین وبا ء کی وجہ سے حالات سنگین ہیں اورکوویڈ متاثرین سخت حالات سے دوچار ہیں۔ آکسیجن کی قلت اور بروقت آکسیجن فراہم نہ ہونے سے کئی اموات ہو رہی ہیں۔ایسے میں جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں چلائی جارہی اسلامک سوشیل سروس سوسا ئٹی نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے وادی ھدیٰ پہاڑی شریف پر واقع جامعہ دارلھدیٰ کے وسیع و عریض کیمپس پر مجوزہ مسلم جنرل ہاسپٹل کی نو تعمیر شدہ عمارت میں پچاس بستروں پر مشتمل کوویڈ نائنٹین کے متاثرین کو ابتدائی علاج کی سہولت فراہم کرنے آکسیجن تھراپی سینٹر کا آغاز کیا ہے۔امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی صدارت میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں محترمہ سبیتا اندرا ریڈی‘ ریاستی وزیر تعلیم نے بحیثیت مہمان خصوصی اور ڈاکٹر بی ناگیندر‘ سپر نٹنڈٹ عثمانیہ دواخانہ‘ ڈاکٹر عبدالخبیر صدیقی صدر ڈیر‘ ڈاکٹر طلحہ ٰ فیاض الدین صدر ایس آئی او تلنگانہ‘ برادر حماد اعظم صدر پی ایس ایف‘ نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اس وباء کے موقع پر این جی اوز کو سامنے آنے کی ضرورت ہے تا کہ وبا ء جلد از جلد قابو پایا جاسکے اُنہوں نے کووڈ آکسیجن تھراپی سنٹر کے قیام پر اس کے منتظمین کو مبارکباد دی۔ اس موقعہ پر سکریٹری اسلامک سوشیل سروس سوسائٹی،حافظ محمد رشاد الدین نے کہا کہ اس سنٹر پرایسے مریضوں کا آکسیجن تھراپی کے ذریعہ علاج کیا جائیگا جوآکسیجن کی کمی کی وجہہ سے متاثر ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ فی الحال چالیس میڈیکل اسٹاف کے ساتھ کووڈ سنٹر کا آغاز کیا جارہاہے۔ یہ سنٹر اگلے تین دنوں تک آوٹ پیشینٹ کی حیثیت سے کام کرئیگا اوراسکے اگلے دن سے مریضوں کو یہاں داخلہ دیا جائے گا۔جہاں بہت ہی واجبی اور کم فیس پر مریضوں کے لئے علاج کی سہولت رہیگی۔ اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف آئیسولیشن کے ضرورت مندوں اور اسکے علاوہ کوویڈنائنٹین سے شدیدمتاثر ہ مریضوں کے علاج کی یہاں سہولت نہیں رہے گی۔سکریٹری سوسائٹی نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ یہ آکسیجن تھراپی سینٹر کووڈ کی سنگین لہر کے موقع پر عوام الناس کو سہولت پہنچانے کی غرض سے عارضی طورپر تین ماہ کیلئے قائم کیا جارہا ہے جسے بعد ازاں مجوزہ مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدیٰ میں ضم کردیا جائیگا۔افتتاحی اجلاس کے موقع پر اپنے صدراتی خطاب میں امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ اسلامک سوشل سرویس سوسائٹی حیدرآباد ایک قدیم این جی ا وہے جو 1970 سے مختلف محاذوں پر فلاحی خدمات انجام دیتے آرہی ہے۔اُنہو ں نے کہا کہ سوسائٹی کے تحت شہر میں مسلم میٹرنٹی ہاسپٹل اعظم پورہ‘تارناکا نرسنگ ہوم مشیر آباد‘ ذکریٰ اسکول‘ الفلاح اسکول اور دینی درس گاہ جامعہ دارالھدیٰ کام کر رہے ہیں۔اور مستقبل قریب مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدیٰ کا بھی آغاز ہونے جارہا ہے۔اُنہوں نے اس موقع پر صاحب خیر حضرات‘ ڈیر کے ڈاکٹرس‘ پی ایس ایف کی ٹیم اور ایس آئی او کے نوجوانوں کا بھی اس کوویڈ سنٹر کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر چیرمن میونسپل کارپوریشن جل پلی جناب عبداللہ احمد سعدی‘ جناب محمد اظہر الدین‘ ڈاکٹر عاطف اسماعیل جناب یوسف علی خان‘ جناب خالد باوزیر‘ اور جناب مرزا اعظم علی بیگ بھی موجود تھے۔