مولانا جعفر پاشاہ کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کا معاملہ _ اے سی پی سلطان بازار کو ہیومن رائٹس کمیشن کی نوٹس

حیدرآباد _ تلنگانہ ہیومن رائٹس کمیشن نے امیر امارات ملت اسلامیہ مولانا جعفر پاشاہ کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کے واقعہ کی اردو اخبارات میں شائع رپورٹس پر ازخود نوٹ ( سوموٹو) کے تحت اے سی پی سلطان بازار کو نوٹس جاری کی ہے اور اس واقعہ کی 8 ،جولائی کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے

ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین جسٹس جی چندریا اور رکن محمد عرفان معین الدین نے اس سلسلہ میں اے سی پی سلطان بازار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کے روز حیدرآباد کے افضل گنج پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع نیا پل پر پولیس نے مولانا جعفر پاشاہ کے ساتھ بدسلوکی کی جبکہ مولانا کے پاس لاک ڈاؤن کا پاس بھی تھا اور وہ لاک ڈاون کے اوقات شروع ہونے سے قبل ہی اپنے مکان جارہے تھے