نیشنل

مدھیہ پردیش میں اجتماعی شادیوں سے پہلے ‘پریگننسی ٹیسٹ’ ۔ ہونے والی بعض دلہنیں حاملہ نکلیں

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت کا اجتماعی شادی کا منصوبہ کچھ خواتین کے حمل ٹیسٹ کروانے کے بعد تنازعات میں گھر گیا ہے۔ حکومت نے معاشی طور پر کمزور طبقوں کی لڑکیوں کے لیے اجتماعی شادی کی اسکیم شروع کی تھی۔ شادی سے پہلے ہونے والی دلہنوں کا حمل کا ٹیسٹ کروایا گیا ان میں سے پانچ لڑکیوں کے مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد ہفتہ کو ان کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ اب اس معاملے نے سیاسی تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے پوچھا کہ حمل کے ٹیسٹ کا حکم کس نے دیا؟

 

مکھی منتری کنیا ویویواہا یوجنا کے تحت ڈنڈوری کے گڈسرائے علاقے میں اجتماعی شادیوں کا نظم کیا گیا تھا اسی دوران پریگننسی ٹیسٹ کروائے گئے جن خواتین کا حمل ٹیسٹ مثبت آیا ان میں سے ایک نے بتایا کہ وہ شادی سے پہلے اپنے منگیتر کے ساتھ رہتی تھیں۔ اس نے کہا، "میرا حمل ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ میرا نام شادی کی حتمی فہرست سے نکال دیا گیا تاہم حکام کی جانب سے مجھے کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔
کانگریس نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی زیرقیادت مدھیہ پردیش حکومت نے 200 سے زیادہ خواتین کا ‘حمل ٹیسٹ’ کروایا جب کہ فی جوڑے 55,000 روپے کی شادی گرانٹ فراہم کرنے والی اسکیم کے لیے ان کی اہلیت کی جانچ کی گئی جبکہ ریاستی حکومت نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ایک مقامی بی جے پی لیڈر نے کہا کہ خواتین کا صرف ‘فٹنس ٹیسٹ’ کیا گیا جس میں کچھ حاملہ پائی گئیں۔

مقامی کانگریس ایم ایل اے سنگھ مارکم نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ خواتین کے حمل کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ حاملہ پائی جانے والی چار خواتین کو اسکیم کے تحت فائدہ نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور ان کی پرائیویسی پر حملہ ہے۔ میں یہ مسئلہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے سامنے بھی اٹھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ کیا ایسے ٹیسٹوں کا کوئی قانون ہے؟
ڈنڈوری کے کلکٹر وکاس مشرا نے کہا کہ حمل کے ٹیسٹ کے حوالے سے انتظامیہ کی طرف سے کوئی ہدایات نہیں دی گئی تھیں۔ پروگرام کے دوران کچھ خواتین نے صحت کے مسائل کی شکایت کی جس کے بعد ان کے ٹیسٹ کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادی کے دوران خون کی کمی کو چیک کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے ٹویٹ کیا، "میں وزیر اعلی سے جاننا چاہتا ہوں کہ کیا یہ خبر سچ ہے؟ اگر یہ خبر سچ ہے تو کس کے حکم پر مدھیہ پردیش کی بیٹیوں کی توہین کی گئی؟ کیا وزیراعلیٰ کی نظر میں غریب اور قبائلی معاشرے کی بیٹیوں کی کوئی عزت نہیں؟ شیوراج حکومت میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے میں مدھیہ پردیش پہلے ہی ملک میں سرفہرست ہے۔ میں وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سارے معاملے کی منصفانہ اور اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button