تلنگانہ میں بہت جلد برقی اور آر ٹی سی کی شرحوں میں ہوگا اضافہ

حیدرآباد _ تلنگانہ میں بہت جلد برقی اور آر ٹی سی کے شرحوں میں اضافہ ہونے والے ہیں چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے کہا کہ  کابینہ کے آیندہ میٹنگ میں تلنگانہ میں برقی اور آر ٹی سی کے شرحوں  میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے وزارت ٹرانسپورٹ اور برقی کے  حکام کو جامع تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے منگل کو پرگتی بھون میں آر ٹی سی اور برقی کے محکموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزراء کے  ٹی راما راؤ ، پی اجے کمار ، جگدیش ریڈی ، آر ٹی سی چیئرمین باجی ریڈی گووردھن ، سی ایس سومیش کمار ، اسپیشل سکریٹری  برائے ٹرانسپورٹ اینڈ فینانس سنیل شرما ، راما کرشنا راؤ ، آر ٹی سی ایم ڈی سجنار ، ٹرانسکو سی ایم ڈی پربھاکر راؤ اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر کرایوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آر ٹی سی کو مضبوط بنانے کے لیے دو سال قبل اقدامات کیے گئے تھے اور یہ افسوسناک ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے  آر ٹی سی دوبارہ خسارے میں ہیں۔

اجلاس میں آر ٹی سی کی  مالی حالات، کورونا بحران اور لاک ڈاؤن کے علاوہ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے آر ٹی سی پر عائد ہونے والے مالی بوجھ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا سے قبل آر ٹی سی کی یومیہ آمدنی 13 کروڑ تھی جو بڑی حد تک گھٹ گئی ۔ ریاست میں عام حالات بحال ہونے کے بعد آر ٹی سی کی آمدنی میں بھی آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے اور اب آمدنی 10 کروڑ تک پہنچ چکی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آر ٹی سی کے صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر کا تقرر کیا گیا ہے ۔ سب مل کر ٹیم ورک کی طرح کام کریں۔ خسارہ میں چلنے والے ادارہ کو نفع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں۔ ضرورت کے مطابق اصلاحات کریں۔ دور دراز علاقوں تک آر ٹی سی بسوں کو چلانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کریں۔ عہدیداروں نے آر ٹی سی کی کارگو خدمات اور اس کے مثبت نتائج سے چیف منسٹر کو واقف کرایا جس پر کے سی آر نے عہدیداروں کی ستائش کی