بریکنگ نیوز _ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر امتحانات کو منسوخ کرنے تلنگانہ ہائی کورٹ کا انکار

حیدرآباد_ تلنگانہ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر امتحانات کو منسوخ کرنے کے معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ کیونکہ درخواست دائر کرنے میں کافی تاخیر ہوگئی ہے اور تمام انتظامات مکمل ہوگئے ہیں اور انٹر فرسٹ ایئر کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔واضح رہے کہ  انٹر بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انٹر فرسٹ ایئر  کے امتحانات اس ماہ کی 25 تاریخ سے منعقد کرے گا۔ جس پر طلبہ کے  والدین کی ایسوسی ایشن نے امتحانات کو منسوخ کرنے کی  ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی آج اس درخواست پر سماعت ہوئی۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو یاد دہانی کی کہ بورڈ آف انٹر نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے سال کے طالب علموں کو دوسرے سال میں پروموٹ کررہے ہیں اس اعلان کے بعد تمام طلباء دوسرے سال کے اسباق  پڑھ رہے ہیں اور اگر پہلے سال کے امتحانات دوبارہ ایسے وقت پر کرائے گئے تو وہ الجھن میں پڑ جائیں گے۔

جس پر انٹر بورڈ کے وکیل نے وضاحت کی کہ طلباء نے کورونا کی وجہ سے دسویں جماعت کے امتحانات بھی نہیں لکھے تھے اور انھیں انٹر فرسٹ ایئر میں داخلہ دیا گیا۔ فرسٹ ایئر کے امتحانات کے بغیر ہی دوبارہ انھیں سکنڈ ایئر میں پروموٹ کیا گیا۔اور اگر سکنڈ ائیر میں بھی کچھ وجہ سے امتحانات منعقد نہیں ہو پاتے ہیں تو ان طلبہ کو کوئی نالج حاصل نہیں ہوگی۔اور نہ ان میں کوئی قابلیت پیدا ہوگی ۔اس کو ملحوظ رکھتے ہوئے طلبہ کے امتحانات منعقد کئے جا رہے ہیں

 

انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ جب طالب علموں کو دوسرے سال میں پروموٹ کیا گیا تو انہیں بتایا گیا کہ پہلے سال کے امتحانات حالات کے مطابق منعقد ہوں گے۔ دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ وہ آخری لمحات میں امتحانات کے انعقاد میں مداخلت نہیں کر سکتے۔جس کے بعد یہ امتحانات کے انعقاد میں حائل رکاوٹیں ختم ہوگئی ۔