تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں بارش کا قہر، ڈرون ویژولس میں تباہی کے مناظر

تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں بارش کا قہر، ڈرون ویژولس میں تباہی کے مناظر
کاماریڈی: تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں گزشتہ روز ہوئی موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ ڈرون ویژولز کے ذریعہ منظر عام پر آنے والے مناظر میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی علاقے سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، مکانات، کھیت اور سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں ندی نالے ابل پڑے، نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، متعدد دیہات کا ضلع ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ کئی مقامات پر سڑکیں بہہ جانے اور کھمبے گرنے سے آمد و رفت اور برقی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات بھر بارش جاری رہنے سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔ فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں جس سے زرعی شعبہ کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں متاثرہ دیہات میں روانہ کردی گئی ہیں اور خطرے والے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی ہدایات پر عمل کریں۔