عادل آباد میں جشن میلاد النبی کا جوش وخروش کے ساتھ اہتمام ۔ سینکڑوں عقیدت مندوں کی شرکت

عادل آباد _ عادل آباد میں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی یوم پیدائش کی مناسبت سے جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔سینکڑوں عقیدتمندوں نے اہل سنت والجماعت کے بیانر تلے نکالے گئے جلوس میں شرکت کرتے ہوئے یا رسول اللہ کے نعرے لگائے۔جن میں بڑے بوڑھے اور معصوم بچے بھی شامل تھے۔اس دوران جلوسیوں نے اپنے ہاتھوں میں سبز جھنڈا تھام رکھا تھا۔ جشن میلاد النبی کے ضمن میں وسیع تر انتظامات کیے گئے تھے ‌جبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کو قطعیت دی گئی تھی

۔گذشتہ دو سالوں سے کورونا وائرس وباء کی وجہ سے جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم سادگی کے ساتھ محدود طور پر منایا گیا تھا۔تاہم اس مرتبہ دھوم دھام سے جشن منایا گیا۔عادل آباد کے مختلف مقامات مسجد ظہورا خانہ پور سے مولانا ذاکر حسین کی نگرانی،مسجد رضاء امبیڈکر نگر صدر مسجد فیض اللہ رضاء کی نگرانی،مسجد غریب نواز صدر مسجد عبدالجبار علی کی نگرانی میں جشن میلاد النبی کے جلوس نکالے گئے۔یہ جلوس شہر کے مختلف چوراہوں سے گذرتے ہوئے ونایک چوک پر اختتام پذیر ہوا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی مولانا فاروق رضوی ناگپور،مولانا اکبر ضیائی نظام آباد نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کی ہدایت کے لیے رسول اور سارے جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔رسول اللہ کی میلاد مبارک ساری انسانیت بالخصوص ایمان والوں پر اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم احسان ہے۔آپ کی ذات گرامی ہم غلاموں کے لئے مشعل راہ ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت شان بزرگی اور مقام و مرتبہ کا احاطہ کرنا انسانی بس سے باہر ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنائیں اور آپکی کی سیرت کا مطالعہ کریں۔انہوں نے میڈیا کو مزید تفصیلات سے واقفِ کروایا۔اس موقع پر مولانا ذاکر حسین،ٹی آر ایس لیڈر محمد یونس اکبانی،حافظ ارشد رضاء،کلیم رضاء،عبدالقیوم رضاء،شرف الدین،ایوب خان قادری صدر مسجد ظہرا،کانگریس ضلع صدر ساجد خان،سید پرویز،جاوید رضاء،محسن رضاء،سید سلیم،رفیق رضاء،عظیم حسین،اسلم،شاہد اور دیگر محبان کثیر تعداد میں موجود تھے۔