پارک اور جم کی زمین پر غیر مجاز دکانات کی تعمیر _ رکن اسمبلی جوگورامنا ذمدار _ مجلسی کونسلر نزیر احمد کا الزام

عادل آباد_ بلدیہ عادل آباد کے وارڈ نمبر 17 خورشید نگر کے مجلسی کونسلر نزیر احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وارڈ نمبر 17 خورشید نگر میں میونسپل آراضی پر بنائے جارہے دکانات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا کو اس معاملہ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔نزیر احمد کا کہنا تھا کہ 2016 میں مذکورہ میونسپل آراضی پر غیر قانونی سرگرمیوں شراب و مٹکہ کے کاروبار میں ملوث دکانات کا مجلس اتحاد المسلمین کی نمائندگی پر برخاست کر دیا گیا تھا۔ اور اس جگہ کو مونسپل پارک اور اوپن جم کے لئے مختص کیا گیا ہے۔تاہم ٹی آر ایس پارٹی قائدین رکن اسمبلی جوگورامنا کی تائید سے خصوصی دلچسپی لیکر دکانوں کو دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں۔نزیر احمد نے اس پورے معاملے میں رکن اسمبلی کے علاوہ میونسپل کمشنر کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔خورشید نگر میں واقع میونسپل آراضی پر پارک اور اوپن جم کی تعمیرات کے لئے ٹینڈر بھی مکمل ہوچکا اور چند ماہ قبل میونسپل چیرمین جوگوپریمیندر اوراور وائس چیرمین نے پارک اور اوپن جم کی تعمیرات کے لئے سنگ بنیاد بھی رکھاتھا۔اس کے باوجود ٹی آر ایس پارٹی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سپورٹ کررہی ہے اور انہیں افراد کو جگہ فراہم کی جارہی ہے جو 2016 میں غیر قانونی کاروبار کرتے تھے۔انہوں نے فوری طور پر کاموں کو روکنے کے لئے ضلع کلکٹر عادل آباد سکتا پٹنائک اور ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی رضوان باشا شیخ کو ضلع انچارج عادل آباد و رکن اسمبلی نامپلی جعفر حسین معراج صاحب کا مکتوب بھی دیا ہے جسمیں ان غیر مجاز دوکانوں کو فوراً روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔انھوں نے ضلع کلکٹر سے جلد از جلد اس کام رو کنے اور پارک کی تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔بصورت دیگر سخت احتجاج کا انتباہ دیا۔اس موقع پر مجلسی کونسلر شاہنواز الرحمن، نمائندہ کونسلر ظفر احمد خان، نمائندہ کو آپشن ممبر محمد روہیت اور دیگر مجلسی کارکنان موجود تھے۔