تلنگانہ

مسلمان صبرو تحمل سے کام لیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں : وزیر داخلہ محمود علی

حیدرآباد 24/ اگست (پریس نوٹ) حکومت تلنگانہ کسی بھی مذہب کے جذبات کو مجروح کرنے اور ریاست میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں، کوئی بھی مجرم متعدد مرتبہ جرم کرنے کے بعد قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکتا۔اور کہا کہ ہرمذہب کے ماننے والوں کو ان کے مذہب،خداؤں اور پیغمبروں سے ایمانی و روحانی تعلق ہوتا ہے۔کوئی بھی شخص اپنے مذہب کے خلاف کسی قسم کی بیہودگی کو برداشت نہیں کرتا۔

 

باالخصوص مسلمان حضرات، آقائے دوجہاں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف کسی بھی ریمارک و گستاخی کو برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نےکہا کہ حکومت تلنگانہ ان معاملات میں کسی کی پشت پناہی نہیں کرتی۔اور نہ ہی یہ برداشت کرے گی کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما ہوں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے بی جے پی ، رکن اسمبلی، راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ محسن انسانیت ﷺ کی شان میں گستاخانہ جملےاور تبصرے کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ان پر سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ محمد محمود علی نے تلنگانہ حکومت کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلاچندرا شیکھر راؤ،پارٹی کارگزار صدر کے ٹی راماراؤ اور تمام قائدین سیکولر ازم کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور تمام مذاہب اور ان کی تعلیمات کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ گستاخ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ انہوں نے مسلمانوں کےایمانی جذبات کو سراہتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں۔صبرو تحمل سے کام لیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔اور نہ ہی جذباتی نعروں کا استعمال کریں۔انہوں نے مسلمانوں کو تیقن دیا کہ گستاخ رسول ﷺ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائےگی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button