تلنگانہ

پولیس فائرنگ ایک ہلاک تین زخمی، دوملازمین پولیس کو بھی چوٹ آئی، کروڑہا روپئے کا نقصان

حیدرآباد: سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں احتجاجیوں کو قابو کرنے کے لیے ریلوے پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہوگئی اور دیگر 3 زخمی ہوگئے۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس نے پہلے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور طاقت کا استعمال کیا اور فائرنگ کرنے کا انتباہ دیا گیا تھا۔ بعد ازاں صورتحال کو قابو میں آتا نہ دیکھ کراعلیٰ حکام کی ہدایات پر ریلوے پولیس نے تقریباً 15 راؤنڈ فائر کئے جس سے ایک شخص زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قراردیا گیا۔ پتھراؤ میں دو پولیس کانسٹیبل بھی زخمی ہوئے۔ ریلوے کے ڈی جی سندیپ شنڈالیا کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ۔

سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب کئی نوجوانوں نے مرکزی حکومت کی مسلح افواج میں بھرتی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف احتجاج کیا۔ سینکڑوں احتجاجیوں نے ریلوے پٹریوں اور پلیٹ فارمس میں گھس کرکھانے پینے کے اسٹالز، سامان کو نقصان پہنچا اور تین ٹرینوں کو جزوی طور پر نذر آتش کر دیا۔ چند ٹووہیلرس کو بھی آگ لگا دی گئی۔ اس کے علاوہ سگنلنگ سسٹم کو نقصان پہنچا اور ریلوے کی دیگر املاک کو نقصان پہنچا۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایم ایم ٹی ایس کے علاوہ دیگرٹرینوں کوبھی منسوخ کردیا گیا، اندازہ لگایا جارہا ہے کہ قریب 20 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔

 

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button