تلنگانہ

مذہبی اجتماعات پر پابندی اور نمائش کو اجازت _ تلنگانہ حکومت کے رویہ سے عوام میں ناراضگی

مذہبی اجتماعات پر پابندی اور نمائش کو اجازت _ تلنگانہ حکومت کے رویہ سے عوام میں ناراضگی

حیدرآباد _ 2 جنوری ( اردو لیکس) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں  کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر سخت پابندیاں نافذ کردی ہیں جس کے تحت مذہبی اجتماعات، سیاسی جماعتوں کو جلسہ عام، ریالیاں، دھرنے اور عوامی مقامات پر بھیڑ جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے

 

اسی دوران حکومت نے حیدرآباد کے نامپلی میں ہر سال منعقد ہونے والی کل ہند صنعتی نمائش کے انعقاد کی اجازت دی ہے جس کا ہفتہ یکم جنوری کو گورنر تلمسائی سندرراجن اور وزیر داخلہ محمود علی نے افتتاح کیا۔نمائش کے افتتاح کے چند گھنٹوں کے اندر ہی حکومت نے کورونا قواعد پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں

 

 

حکومت کے رویہ سے اپوزیشن جماعتوں اور عوام میں ناراضگی اور تشویش پائی جاتی ہے عوام کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت نے مذہبی اجتماعات، سیاسی جماعتوں کو ریالیاں اور جلسہ عام پر پابندی لگا دی ہے تو دوسری طرف نمائش کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ اپوزیشن جماعتوں اور عام افراد کا کہنا ہے کہ مذہبی اجتماعات اور سیاسی جلسہ عام پر پابندی لگاتے ہوئے نمائش کو کس طرح اجازت دی گئی ہے جب کہ نمائش میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں عوام آتے ہیں ان کا تعلق ملک بھر سے ہوتا ہے اور داخلہ کے مقام سے لے کر نمائش میدان میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا مشکل کام ہے انہوں نے نمائش کو بھی بند کردیئے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے کووڈ قواعد سے متعلق جاری کردہ جی او میں اس مہینے کی دس تاریخ تک توسیع کردی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں کووڈ پابندیوں کے نفاذ میں توسیع کرتے ہوئے جی او نمبر 1 جاری کیا ہے۔ اس ماہ کی 10 تاریخ تک جلسوں، ریلیوں، سیاسی، ثقافتی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح ایسے تمام پروگرامس پر پابندی ہوگی جہاں لوگ جمع ہوتے ہیں۔

 

چیف سکریٹری نے کووڈ کو پھیلنے سے روکنے کے  اقدامات کے حصے کے طور پر پہلے سے جاری کردہ احکامات کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ، دکانوں، شاپنگ مالس اور دفاتر میں ماسک لگانے اور سماجی فاصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت دی۔ سومیش کمار نے کہا کہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں عملہ اور طلباء لازمی طور پر ماسک پہنیں اور کووڈ قوانین کی پابندی کریں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button