تلنگانہ

حیدرآباد کے جلسہ عظمت مصطفےؑ میں منظورہ قرارداد

حیدرآباد ۔18 ۔ جون (اردولیکس) مشتر کہ مجلس عمل کے زیراہتمام دارالسلام میں عظیم الشان جلسہ عظمت مصطفی کے دوران نعرہ تکبیر اللہ اکبراور نعرہ رسالت یا رسول اللہ کی صداؤں میں حسب ذیل قرار دادنعروں کے درمیان منظوری دی گئی ۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی مجلس و رکن اسمبلی یا قوت پورہ نے قرار داد پیش کی ۔

یہ عظیم اجتماع اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم انسانیت میں سب سے بہترین ، بلند و بالا اور عظیم شخصیت ہیں ۔ ہم اپنے ہر قول وعمل کے ذریعہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تقدس کو برقرار رکھنے کا عزم رکھتے ہیں اور دین اسلام اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے وقار کا قانونی طور پر دفاع کریں گے۔

ہم ان کی تعلیمات اور سیرت کو ان لوگوں تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں جو اس سے نا واقف ہیں اور اس موقع پر واضح کرتے ہیں کہ اسلام کے خلاف جو غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں ہم اس کا مقابلہ بھی کر یں گے۔

ہم اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اہانت کرنے والوں اور ہمارے عقیدہ کی بنیادوں پر ضرب لگانے والوں کو سخت ترین قانونی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ ہم بی جے پی کے ترجمانوں کی طرف سے ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف بہتان تراشی اور اسلام سے متعلق گستاخانہ بیانات کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔

ہم بی جے پی کی ان افراد کے خلاف علامتی کارروائی اور ان کے متنازعہ بیانات سے محض لاتعلقی کے اظہار کو نا کافی مانتے ہیں ۔ ہم ان کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمہ چلانے میں ابھی تک کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوۓ ان کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ہم احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر کئے گئے تشدد اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں جب کہ گستاخانہ بیانات دینے والے آزاد ہیں۔ ہم تمام ریاستی حکومتوں خصوصا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نو پورشرما اورنوین جندال کوفوری طور پر گرفتار کیا جاۓ

متعلقہ خبریں

Back to top button