انٹر نیشنل

سعودی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 16293 افراد گرفتار

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب میں غیر قانونی باشندوں کی موجودگی حکومت کے لئے ایک پرانا مسئلہ ہے۔ ان کی گرفتاری کی مہم چلتی رہتی ہے۔ ایک حالیہ بیان میں سعودی وزارت داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اقامہ و روزگار اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 16293 افراد گرفتار کرلیے گئے۔

اخبار 24، سبق اور عاجل ویب سائٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 8.7 ہزار سے زیادہ اقامہ قوانین، 5.5 ہزار سے زیادہ سرحدی امن قوانین اور 2 ہزار سے زیادہ روزگار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے حراست میں لیے گئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب میں دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے 1.8 ہزار سے زیادہ افراد گرفتار کیے گئے ان میں سے 30 فیصد کا تعلق یمن سے ہے۔ 67 فیصد کا ایتھوپیا اور 3 فیصد کا دیگر ممالک سے ہے۔ علاوہ ازیں 26 ایسے افراد بھی حراست میں لیے گئے جو غیر قانونی طریقے سے مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

وزارت داخلہ نے بتایا کہ اقامہ و روزگار اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹرانسپورٹ، رہائش اور روزگار کی سہولیات دینے میں ملوث 26 سعودی شہری گرفتار کیے گئے۔ 18 ہزار سے زیادہ تارکین وطن کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

وزارت داخلہ نے بتایا کہ بارہ ہزار سے زیادہ تارکین وطن کی فائلیں ان کے سفارتی مشنوں کو بھیج دی گئی ہیں جو اپنے شہریوں کی سفری دستاویز جاری کریں گی۔ 2.6 ہزار تارکین وطن کی بے دخلی کے لیے بکنگ کرائی جارہی ہے چھ ہزار سے زیادہ کو بے دخل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button