تلنگانہ کے سدی پیٹ میں خوفناک صورتحال: تالاب کے بڑھتے پانی میں تین کسان پھنس گئے، رات بھر ریسکیو آپریشن جاری

تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ میں بدھ کی شام شدید بارش کے نتیجے میں ایک بڑا واقعہ پیش آیا، جب اکبرپیٹ–بھون پلی منڈل کے پوتاریڈی پیٹ میں آبپاشی کے تالاب میں اچانک پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
اس دوران قریبی کھیتوں میں کام کرنے والے تین کسان ایس راجو، گوپال اور سدرشن پھنس گئے۔ تینوں کسان چنا نظام پیٹ کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر انتظامیہ کو خبر دی۔
کمشنر پولیس بی انورادھا ریسکیو ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ محکمہ پولیس کے ساتھ ساتھ فائر اینڈ ریسکیو اور مقامی رضاکار بھی کارروائی میں شامل ہوگئے۔ اندھیرا ہونے کے باوجود لائٹس کا انتظام کرکے ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا تاکہ کسانوں کو بحفاظت نکالا جاسکے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے تالاب کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، اس لیے امدادی کام میں تیزی لائی گئی ہے۔
مقامی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تالابوں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ کسانوں کو نکالنے تک آپریشن جاری رہے گا۔