جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کے زیر اہتمام آفیسرس میس پر بارہ ربیع الاول کو سیرؐت یکسپو کا انعقاد

میر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان،ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین محترمہ آسیہ تسنیم کے بشمول کثیر تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں کی شرکت

ہر سال بارہ ربیع الاوّل کے دن دنیا بھر میں لوگ نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی یوم ولادت کے موقع پر آپ ؐ کی یاد کو تازہ کر تے ہیں اور آپؐ اور آپؐ کی تعلیمات کا ذکر کیا جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے خود اپنے کلام میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکر بلند کر تے ہوئے آپ ؐ کو مقام محمود پر فائزکیا۔ آج بھٹکتی ہوئی انسانیت او رساری دنیا تک نبوی تعلیمات کو عام کرنے اور پہنچانے کی ضرورت ہے۔ساتھ ہی اشد ضروری ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو اُسوہ رسول ؐ سے واقف کر وائیں۔

جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ و ایل بی نگر کی جانب سے بارہ ربیع الاول کے موقع پر آفیسرس میس فنکشن ہال پر کل یومی سیرت ؐ ایکسپوکا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں سیرتؐ گیلری‘ مختلف ماڈلس‘ پر یزنٹیشنس، تقاریر و لکچرز،ڈاکومنٹریز اور سیرتؐ کوئز کے ذریعہ ایکسپو میں شریک افراد کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حالات زندگی آپ کے شب و روز اور آپؐ کی تعلیمات سے واقف کروایا گیا۔ مشاہدہ کرنے والوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے حصہ لیا جبکہ تعطیل کا دن ہونے کی وجہہ سے بڑی تعداد میں خاندان کے تمام افراد نے مل کر اس ایکسپو کا مشاہدہ کیا۔ ایکسپو میں بتا یا گیا کہ نبیؐ کی بعثت سے قبل عرب کے حالات کیسے تھے اور پھر آپؐ نے اپنی تیئس سالہ دعوت کے ذریعہ کس طرح انقلاب برپا کیا۔ ایکسپو میں مختلف چارٹس ڈیزائن کیے گئے تھے جس کے ذریعہ نبیؐ کے شب و روز و معمولات زندگی کو اُجاگر کیا گیا اس کے علاوہ نبیؐ کی دعوتی سرگرمیوں‘ عرب کے باہر کے بادشاہوں کو لکھے گئے خطوط کو تصویری نمائش میں پیش کیا گیا۔

مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ‘ غار حرا‘ غار ثور‘ مختلف غزوات کے علاوہ مکی اور مدنی دور کے حالات کو ماڈلس کے ذریعہ بچوں نے بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر جناب سید محمد عبدالقادر ناصر امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے کہا کہ ارکان و کارکنانِ جماعت کے علاوہ، طلباء ونوجوانوں کی تنظیم ایس آئی او‘ لڑکیوں و طالبات کی تنظیم جی آئی او اور چھوٹے بچوں کی تنظیم سی آئی سی کے ممبران نے انتھک کوشش و محنت سے اس ایکسپو کو کامیاب بنایا ہے۔ ڈاکومنٹریز اور لیکچرس کے ذریعہ جہاں بڑوں کو سیرت النبیؐ اور سیر ت صحابہ ؓ سے واقف کروایا گیا وہیں چھوٹے بچوں کے لئے تصویری نمائش اور دلکش ماڈلس اپنی جانب راغب کرنے والے رہے۔ ایکسپو میں مختلف بیانرس اور کارڈس آویزاں کیے گئے تھے جس پر نبیؐ کی تعلیمات کو دلنشیں انداز میں پیش کیا گیا تھا۔

مولانا حامد محمدخان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ‘ محترمہ آسیہ تسنیم صاحبہ ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین و دیگر ذمہ داران جماعت نے اس ایکسپو میں شرکت کی۔ سیرتؐ ایکسپو کا مشاہدہ کرنے والے دیگر افراد نے بھی ایکسپو کے انعقاد پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور اپنے تاثرات میں کہا کہ جس طرح یہاں سیرت النبیؐ کی اجمالی تعارف کی کوشش کی گئی ہے اور ہر عمر کے افراد کے لئے حیات النبیؐ سے واقف کروانے کا اہتمام کیا گیا ہے وہ خوش آئند اور قابل مبارکباد ہے۔ایکسپو کا مشاہدہ کرنے والوں نے اُمید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامس منعقد کرتے ہوئے عوام کے جوش و خروش کو تعمیری اور مثبت رخ دیا جائیگا۔ تاکہ عوام الناس کو سیرت النبیؐ اور اسلام کے حقیقی پیغام سے واقف ہونے کا موقع مل سکے اور ہم سب اپنی زندگیوں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو جاری و ساری کرسکیں۔

کی محمد ؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں